سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کر رہے ہیں،افضال بھٹی

سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کر رہے ہیں،افضال بھٹی

لاہور(اپنے خبر نگار سے ) کمشنر اوور سیز پاکستا نیز کمیشن (او پی سی) پنجاب افضال بھٹی نے کہاہے کہ او پی سی کی تجویز پر متعدد وفاقی اداروں بشمول نیب،وفاقی محتسب سیکریڑیٹ اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن(او پی ایف) نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل او رباہمی تعاون بڑھانے کے لئے فوکل پرسنز مقرر کردئیے ہیں۔

ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افضال بھٹی نے بتایا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لئے و فاقی اداروں سے تعاون کو مزید فروغ دیا گیا ہے اور ان اداروں کے اشتراک سے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کاجلد ازالہ یقینی بنایا جا رہاہے۔ کمشنر نے بتایا کہ او پی سی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے جلد ازالے کیلئے سرگرم عمل ہے اور ابتک موصول ہونے والی شکایات میں سے 50 فیصد حل کی جاچکی ہیں۔ او پی سی سمندر پار پاکستانیوں کی وفاقی اداروں کے متعلق شکایات او پی ایف کو ریفر کرتاہے جہاں ایک مخصوص سیل ان شکایات کے جلد ازالے کو یقینی بناتاہے۔اجلاس کے دوران وفاقی اداروں سے تعاون مزید بڑھانے اور شکایات کے جلدازالے کی متعدد تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1