بڑھتی ہوئی آبادی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے،ذکیہ شاہ نواز
لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کسی بھی ملک کی ترقی وہاں کی آبادی اور وسائل میں تناسب سے مشروط ہے۔ہمارے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی ہمیں اقتصادی ،معاشی اور معاشرتی مسائل سے دوچار کررہی ہے جس کی بڑی وجہ پسماندہ علاقوں میں نسل در نسل پروان چڑھنے والا روایتی طرز فکر ہے من الحیث القوم ہم سب کو ملکر اس مسئلے کا تدارک کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کلائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے انکی ہر لحاظ سے کونسلنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور بہبود آبادی کے مراکز کے ماحول کو مزید بہتر اور قابل اعتماد بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فیملی پلاننگ کے ثمرات سے مستفید کیا جا سکے ۔اجلاس میں سیکرٹری بہبود آبادی عصمت طاہرہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔