اورنج ٹرین منصوبے کا 61فیصد کام مکمل ، چینی انجینئر وں کی سیکیورٹی سخت
لاہور(اپنے خبر نگار سے) لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پرجاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 61.10فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 75.2فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا 45.75فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 63.7فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 59.75فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ریسکیو 1122نے منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین کو سیفٹی اقدامات کی ٹریننگ دینے کے لئے تربیتی لیکچرز کا انعقاد شروع کر دیا ہے ۔ منصوبے پر تقریباً پونے تین سو چینی باشندے کام کر رہے ہیں جن کی سیکورٹی کے لئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور تمام عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ‘ نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔