عمران خان دہشتگردوں کے سب سے بڑے سہولت کار ہیں: عابد شیر علی

عمران خان دہشتگردوں کے سب سے بڑے سہولت کار ہیں: عابد شیر علی

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک میں جہاں ترقی ہوتی ہے عمران خان وہا ں دھرنےدیتے ہیں۔ بڑا افسوس ہے کہ خان نے پختونوں سے زیادتی کا نعرہ لگا کر پاکستان توڑنے کی سازش کی ہے۔ انہیں چاہیے کہ ملک چھوڑ جائیں۔ ہم کیا دہشت گردوں سے خوف سے ملک میں ترقیاتی کام چھوڑ دیں۔ عمران خان دہشت گردوں کے سب سے بڑے سہولت کارہیں۔ ملتوی خان بال ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی ہیں۔ ہمارے دشمن بھارت نے کبھی اتنی جرات نہیں کی جتنی عمران خان کررہے ہیں۔ وہ میپکو ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کرکٹ کی بحالی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کررہی ہے مگر عمران خان کہتے ہیں کہ بم دھماکہ نہ ہوجائے۔ عمران خان پٹھانوں اور پنجابیوں کولڑوانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درگاہوں کا مال کھانے والے ڈبل شاہ قریشی کو بھی حساب دینا پڑے گا۔ کاشتکاروں کا مال کھانے والے جہانگیر ترین کو بھی حساب دینا ہوگا۔ بلاول بھٹو‘ چانڈیو کو کراچی کی صفائی کا ٹھیکہ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید محکمہ اوقاف کی عمارت پر قابض ہیں۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ ملک بھر میں نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کردیاگیاہے ۔ ڈیفالٹر خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو ان کے کنکشنز فوری طورپر منقطع کرنے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی ہزاروں میگاواٹ پیداوار کے پانی، گیس، ایل این جی، کوئلہ، سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ رواں سال موسم گرما میں گزشتہ سال کی نسبت لوڈشیڈنگ کم کی جائے گی پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی کے اور آزادکشمیر میں بجلی کے تقسیمی نظام کی اپ گریڈیشن کی کی گئی ہے رواں سال میں ایل این جی سے 3600میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے بکھی پاور پلانٹ، بلوکی پاورپلانٹ اور حویلی بہادرشاہ پاورپلانٹ، 1320میگاواٹ کے قادر آباد کول پاورپلانٹ ، 1320میگاواٹ کے پورٹ قاسم پاورپلانٹ کراچی اور دیگر منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ یہ ترقی مختلف سیاسی جماعتوں سے ہضم نہیں ہورہی انہوں نے کہا کہ میپکو نے 4ارب 80کروڑروپے کی لاگت سے گرڈاسٹیشنوں کے22منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ 3ارب 88کروڑ60لاکھ روپے کی لاگت سے ٹرانسمیشن لائنوں کے 33منصوبے، 3ارب 39کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے گرڈاسٹیشنوں کی آگمینٹیشن /ایکسٹینشن 109منصوبے مکمل کئے ہیں ۔ جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں 2700نئے دیہات کو روشن کیاگیاہے ۔900کلومیٹر گیارہ کے وی لائن، 350کلومیٹر لوٹینشن لائن بچھائی گئی ہے ۔296لوٹینشن سکیموں پر کام مکمل ، 395ٹو فیز پر چلنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز تبدیل اور 409ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی استعدادکار میں اضافہ کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 2016-07 ؁ء کے دوران میپکو ریجن میں صارفین سے بلنگ کی مد میں ماہانہ اور پروگریسو ریکوری کی شرح 100فیصد رہی ہے ۔ بجلی چوروں کو 53کروڑ70لاکھ روپے جرمانہ عائد اور 1102مقدمات کا اندراج کروایاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرکلوں اور ڈویژنوں کے افسران کی کارکردگی کو خود مانیٹر کریں اور شکایات سنٹر پر چھاپے ماریں ۔ صارفین کی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برتنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کریں ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر