قوم کی امیدیں سپریم کورٹ سے وابستہ، آپریشن درالکرپشن شروع کرے: لیاقت بلوچ

قوم کی امیدیں سپریم کورٹ سے وابستہ، آپریشن درالکرپشن شروع کرے: لیاقت بلوچ

ملتان،کبیروالا (سٹی رپورٹر،نامہ نگار،تحصیل رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے والا مذہب بیزار طبقہ اب پنجابی اور پختونوں کا تعصب پھیلا کرردالفساد کو ناکام بنانے کی سازش کررہا ہے۔دہشت گردی اور کرپشن کا گٹھ جوڑ ہے ۔قوم کی اُمیدیں سپریم کورٹ سے لگی ہوئی ہیں وہ توقع رکھتے ہیں کہ سپریم کورٹ ایسا فیصلہ دے گی جس سے ردالکرپشن شروع ہوسکے۔جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکم مارچ سے پندرہ مارچ تک اسلامی پاکستان،خوشحال پاکستان فنڈریزنگ جاری رکھے گی توقع ہے کہ پاکستانی قوم اس کار خیر میں نظام مصطفی ؐ کی طرح غلبہ دین ، ملک سے ظلم وجبر کے نظام کے خاتمے کے لئے خصوصی تعاون کریں گے اور قوم کو ایک ایک پائی کا حساب دیں گے۔ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے لئے اور دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں قومی قیادت اکٹھی ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ میں بھی اس پر بحث شروع ہوگی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے عدالتی نظام کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ عمران خان پی ایس ایل کے خلاف بیان دیں یا حق میں جماعت اسلامی لاہور میں پی ایس ایل میچ کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوک گھنٹہ گھر پر جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام اسلامی پاکستان،خوشحال پاکستان فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔اس موقع پر ضلعی امیر آصف محمود اخوانی سمیت صہیب عما ر صدیقی، چوہدری ظفر اقبال،ڈاکٹر خالد رشید ، ڈاکٹر حفیظ انور ، کنور محمد صدیق ودیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 2018کے عام انتخابات کی آمد آمد ہے اور پاکستان کو اس وقت ناگزیر ضرورت ہے کہ اسے ایک اچھی باکردار اور اہل قیادت نصیب ہو ایسے حالات میں جماعت اسلامی ہی واحد پارٹی ہے جو عوام کے لئے حقیقی معنوں میں خوشحالی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی قوانین کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں ایک اسلامی ملک میں ممتاز قادری کو پھانسی دی گئی جس نے ناموس رسالت ؐ کا تحفظ کیا لیکن ملعونہ آسیہ کو حکمرانوں نے بڑی حفاظت اور شان و شوکت سے رکھا ہو ا ہے ہم ناموس رسالت ؐ اور عقیدہ ختم نبوت کے قانون کو کسی صورت تبدیل نہیں کرنے دیں گے ،ہم پاک فوج کے سربراہ، وفاقی و صوبائی حکومتوں ، اپیکس کمیٹیوں سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ اس بات کو تلاش کریں جو سوشل میڈیا پر نفرت کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی ، سی پیک کے خلاف جو مذموم کاروائیوں میں مصروف ہیں ان کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے دہشت گردی اور کرپشن کا گٹھ جو ڑ ہے اسی لئے سپریم کورٹ رد الکرپشن آپریشن شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ قائد سراج الحق نے کل3مارچ کو پنجاب کے پختون رہنماؤں کا جرگہ بلایا ہے جس میں اہم امور زیر بحث لائے جائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں اے پی سی میں شریک ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے سینئر صحافی اعجاز خان ترین سے اُن کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اورمغفرت کی دعا کی ۔دریں اثناء پاکستان میں دہشت گرد اور کرپشن مافیا کا گٹھ جوڑ ہے ،عدلیہ’’پانامہ لیکس ‘‘ پر ایسا فیصلہ دے ،جس کے بعد کرپشن کرنیوالوں کے خلاف ’’آپریشن رد الکرپشن ‘‘ شروع ہوجائے،جماعت اسلامی پاکستان میں غلبہ اسلام چاہتی ہے اورپاکستانی عوام کے دکھوں کا مدوا صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے ،دینی جماعتیں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے حکومت کے ساتھ ہیں ،ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خوش حال پاکستان مہم کے سلسلہ میں فنڈ ریزنگ کے حوالے سے جماعت اسلامی کبیروالا کی جانب سے لگائے گئے کیمپ کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی ضلع خانیوال کے امیر افتخار الحسن چوہدری،ضلعی جنرل سیکرٹری منگت علی بندیشہ ،ضلعی نائب امیر مہر نذر حسین سنپال ایڈووکیٹ ،امیر صوبائی حلقہ 213ڈاکٹر سلیم جاوید،سٹی امیر ڈاکٹر عبدالرزاق مجاہد،ڈاکٹر شبیر احمد رضوی،ڈاکٹر محمد اسحق،محمد رمضان ندیم،عبدالرحمن اور دیگر بھی موجود تھے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...