رضاگیلانی کی گاڑی کی جعلی چوری‘بوگس ایف آئی آر پر فراڈ کا انکشاف

رضاگیلانی کی گاڑی کی جعلی چوری‘بوگس ایف آئی آر پر فراڈ کا انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم رضا گیلانی کی جانب سے مرسیڈیز گاڑی کی مبینہ طور پر جعلی چوری اور اس کی بوگس ایف آئی آر پر انشورنس کمپنی سے کلیم حاصل کرنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم رضا گیلانی اپنے منصب کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے زیر استعمال مرسیڈیز گاڑی کی جعلی چوری کی بوگس ایف آئی آر اپنے اثرو رسوخ سے درج کروا کر اس کی چوری کا کلیم انشورنس کمپنی سے حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں رضا علی گیلانی نے انشورنس کمپنی کے نمائندوں کو کلیم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ذرائع کے مطابق مرسیڈیز گاڑی جو مبینہ چوری تک رجسٹرڈ ہی نہیں کرائی گئی اور نہ ہی اس کے امپورٹ پیپرز انشورنس کمپنی کو دیئے گئے ہیں وہ گاڑی آج بھی رضا گیلانی کی فمیلی کے ہی زیرِ استعمال ہے جس کو وزیر کے آبائی علاقے حجرہ شاہ مقیم اور بعد ازاں ان کے رشتہ دار ملتان کے اہم سابق حکومتی عہدیدار کے گھر پر بھی دیکھا گیا ہے جب کہ اس سے قبل وفاقی انشورنس محتسب نے اس کیس میں ان کے خلاف فیصلہ دیا بعدازاں صدرِ پاکستان نے بھی اپیل مسترد کر دی لیکن صوبائی وزیر ابھی تک کلیم حاصل کرنے کے لئے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں اس ضمن میں انہوں نے انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو ایک خط بھی ارسال کیا جو انہیں اپنی سرکاری حیثیت میں بھیجا گیا جو قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انشورنس کمپنی کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ وزیر کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیں اور انہیں فوری طور پر اپنی کابینہ سے برطرف کریں جو پنجاب حکومت کی مثبت ساکھ کو داؤ پر لگا کر جعل سازی کر رہے ہیں اور کاروباری اداروں کو اپنی سرکاری حیثیت سے ہراساں کر کے کاروباری برادری پرمنفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔اس ضمن میں جب رضا گیلانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انشورنس کلیم میرا قانونی حق ہے ہم ثابت کریں گے کہ گاڑی چوری ہوئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -