ہائیکورٹ بار نے قومی معاملات میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا: چودھری برادران

ہائیکورٹ بار نے قومی معاملات میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا: چودھری برادران

لاہور(سٹی رپورٹر ) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری عامر سعید راں نے سینئر وکلا کے وفد کے ہمراہ انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پرق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود تھے۔ ق لیگی قائدین نے بار کے نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار نے قومی و عوامی اہمیت کے معاملات میں ہمیشہ اپنا فعال ومثبت رول ادا کیا ہے، انصاف کی بروقت فراہمی میں وکلا برادری اپنا کردار بڑے احسن طریقے سے ادا کرتی آ رہی ہے۔ ق لیگ نے ہر معاملہ میں وکلا برادری کی رائے کو بڑی اہمیت دی ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ عامر سعید راں جو ق لیگ لائرز ونگ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بھی ہیں نے لیگی قائدین سے دلی اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا دور سنہری تھا جس میں وکلا برادری کی فلاح و بہبود ، عام اور غریب آدمی کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے مثالی و مؤثر اقدامات کیے گئے ۔ وفد میں احمد اویس ، آدم سعید راں، عاکف طاہر، عبد الرضا خان، حامد اکرم، شیراں ظفر، محمد اشفاق عامر اور نیئر جمال شامل تھے۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...