کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب

کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہے،ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے،نیب کی بدعنوانی کی روک تھام کی سہہ جہتی پالیسی کے موثرنتائج سامنے آئے ہیں ،2017میں بھی اس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے علاقائی بیور وکی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب علاقائی بیورو کی 2016ء کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ذمہ داری سونپی کی گئی تھی، ٹیم نے 27فروری سے یکم مارچ کے دوران سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا تاکہ چیئرمین نیب کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر بلوچستان بیورو کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم کو نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے نیب بلوچستان بیورو کی سال 2016ء کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسپکشن سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی اور بلو چستان بیورو کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا تاکہ مستقبل میں ان خامیوں پر قابو پایا جا سکے۔

مزید : صفحہ آخر