محکمہ اینٹی کرپشن کی متعدد شہروں میں کارروائی، 3پٹواری، 2تھانیدار، فوڈ انسپکٹر، سپروائزر اور 2کلرک گرفتار

محکمہ اینٹی کرپشن کی متعدد شہروں میں کارروائی، 3پٹواری، 2تھانیدار، فوڈ ...

لاہور( سپیشل رپورٹر)اینٹی کرپشن پنجاب نے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر رشوت لینے کے الزام میں ڈ یرہ غازی خان سے محکمہ خوراک کے فوڈ انسپکٹر، سرکاری گودام فروکہ سے سپروائزر،قصور سے ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگھ والا،ڈیرہ غازی خان سے سب انسپکٹر پولیس ، جلال پور پیروالا ملتان کے اراضی سنٹر سے کمپیو ٹر آپریٹر،ملتان سے کلرک ، پسرور ،چنیوٹ اورمیانوالی سے تین پٹواریوں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے اورملزمان کے جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن قصور نے ڈسٹرکٹ پولیس افسر قصور کی ہدایت اورڈی ایس پی سٹی سرکل قصور کی انکوائری کی روشنی میں ایس ایچ اوتھانہ گنڈا سنگھ والا انسپکٹر عمران سعید کو گرفتار کرلیا ہے ۔ مضروب شخص کا میڈیکل کرنے کیلئے ایس ایچ اوانسپکٹر عمران سعید اور تھانہ محرر غلام حسین نے رشوت وصولی کی جبکہ رورل ہیلتھ سنٹر کے ڈیوٹی ڈاکٹر نے میڈیکل سرٹیفکیٹ 25ہزار روپے رشوت لینے کے بعد جاری کیا۔ریجنل ڈائریکٹر سرگودھا عاصم رضا کو اطلاع ملی کہ فروکہ کے مقام پر محکمہ خوراک کے زیرانتظام گندم کے گودام میں کئی میٹرک ٹن سرکاری گندم کی خوردبرد کی گئی ہے جس پراسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملک خرم انوراوراسرارحسین کاظم اورسرکل افسر ملک محمد طارق پر مشتمل ٹیم نے سرکاری گودام پر چھاپہ مارا ۔ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد 66لاکھ روپے مالیت کی 133میٹرک ٹن کی خوربرد ثابت ہونے پر سپروائزر شیر محمد کو گرفتار کرلیا گیا۔سرکل افسر اینٹی کرپشن ملتان حما دنبی نے سب جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق احمد قمر کی سرکردگی میں جلال پور پیروالا چھاپہ مار کر کمپیوٹر آپریٹر اراضی سنٹر کے کمپیوٹر آپریٹر محمد علی کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ درخواست گذار محمد اکبر سے اراضی کی فرد ملکیت جاری کرنے کیلئے تین ہزارو پے بطور رشوت وصول کررہا تھا۔سرکل افسر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے فوڈ انسپکٹر فرید بابر کو گرفتار کرنے کے علاوہ سب انسپکٹر ذوالفقار علی کو دس ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ سرکل افسر ملتان حماد نبی نے نصیر احمد کی درخواست پراپرٹی سیل کرنے کی دھمکی دے کر12ہزاررووپے رشوت لینے والے کلرک شہزاد شوکت کو گرفتار کرکے رشوت کی رقم برآمد کرلی۔ سرکل افسر میانوالی عصمت اللہ بندیال نے کالا باغ کے رہائشی عبدالعزیز کی درخواست پر سول جج علی حسن وڑائچ کی سرکردگی میں چھاپہ مارا اورعیسی خیل کے پٹواری محمد یوسف اوراس کے ساتھی رفیع اللہ کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 84ہزار پانچ سو روپے کی رقم برآمد کرلی ۔سرکل افسر اینٹی کرپشن نارووال نے کرپشن کے چھ مقدمات میں مفرور پٹواری کو پسرور سے گرفتار کرلیا جبکہ اینٹی کرپشن چنیوٹ نے نصرت خان اورعبدالرحمن کی درخواستوں پر درج مقدمات میں مفرور پٹواری الطاف حسین کو گرفتار کرلیا ۔

مزید : صفحہ آخر