کنگز پلے آف میں اسلام آباد کو 44رنز سے ہرا دیا ، فائنل میں رسائی کیلئے کل پشاور زلمی کا سامنا

کنگز پلے آف میں اسلام آباد کو 44رنز سے ہرا دیا ، فائنل میں رسائی کیلئے کل ...

شارجہ (افضل افتخار سے) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے کوالیفائنگ فائنل میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44رنز سے ہراکر پلے آف تھری میں کوالیفائی کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے پلے آف میچ میں فتح حاصل کر کے فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔ آج رات 9بجے کراچی کنگز کامقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔دونوں ٹیموں میں سے فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈایٹر کیخلاف 5مارچ کو لاہور میں فائنل کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے باؤلر عماد وسیم 18رنز کے عوض 3وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور کرس گیل میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بلے بازی شروع کی تاہم تیسرے ہی اوور میں بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محمد عرفان کو لگاتار 4 چوکے مار دئیے۔ دوسری جانب سے کرس گیل نے بھی اپنے بلے کے جوہر دکھانا شروع کر دئیے تاہم کراچی کنگز کا سکور ابھی 42 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ کرس گیل بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کرس گیل نے 17 رنز بنائے،ان کے فوری بعد ہی بابر اعظم بھی25رنز بناکر چلتے بنے ۔ کنگز کو تیسرا نقصان 76 رنز پر اٹھانا پڑا جب کپتان کمار سنگاکارا 17 رنز بناکرپویلین لوٹ گئے۔کراچی کنگز نے انتہائی سست رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے پندرہویں اوور میں 100 رنز کا سنگ میل عبور کیا ، تاہم اس کے فوری بعد ہی روی بوپارا بھی 14 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک 25 اور عماد وسیم 14رنز بناسکے۔ یوں کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے انیس اعشاریہ چار اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے شاندار گیند بازی کو مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں، محمد سمیع اور شین واٹسن نے دو، دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم 127رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 16ویں اوور میں 82رنز پر ڈھیر ہوگئی،اوپننگ بلے باز آصف علی 39اور کپتان مصباح الحق 13رنز بنا کر نمایاں رہے ،دونوں کے علاوہ ٹیم کے باقی کھلاڑی ڈبل فگر بھی کراس نہ کرسکے،کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر،عماد وسیم اور اسامہ میر نے 3,3جبکہ سہیل خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی