رَدُّالفسادکی آڑمیں بیگناہ پختونوں کو تنگ نہ کیا جائے:جماعت اسلامی

رَدُّالفسادکی آڑمیں بیگناہ پختونوں کو تنگ نہ کیا جائے:جماعت اسلامی

لاہور(وقائع نگار )جماعت اسلامی آپریشن ردالفساد کی حمایت کرتی ہے مگر اس کی آڑ میں صوبہ پنجاب سے بے گناہ پختونوں کی گرفتاریوں سے ملک بھر میں بالخصوص صوبہ پنجاب میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی ضرور کریں اور ایسے لوگوں کو قرارواقعی سزادی جائے لیکن صوبہ پنجاب میں پختون بھائیوں کے گھروں پر چھاپوں اور بلاجوازگرفتاریوں کا سلسلہ روکا جائے اس سے ملک میں لسانیت کی راہ ہموار ہوگی۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزلاہور پریس کلب میں امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے ذکر اللہ مجاہد، بلال قدرت بٹ،فاروق چوہان اور ارشدخان بونیری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں مقصوداحمد نے کہاکہ گزشتہ چند روز میں پنجاب بھر سے پانچ سو سے زائد پختونوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔کئی مقامات پر چادر اور چار دیواری کوپامال کرکے بے گناہ افراد کی پکڑدھکڑ کی گئی ہے۔ضرورت اس امرکی ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محدود آپریشن کریں لیکن ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے ملکی سلامتی اوراتحادویکجہتی کونقصان پہنچے۔

جماعت اسلامی

مزید : علاقائی