پی ایس ایل فائنل کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں : کیپٹن امین وینس
لاہور(کرا ئم رپورٹر)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے لئے فول پروف حفاظتی انتظامات کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔پوری فورس کے حوصلے بلند اور شہریوں کو محفوظ ترین تفریح دینے کے لئے پر عزم ہیں ۔پاکستان سپر لیگ میچ کے موقع پر ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ کے جوانوں کا کردارانتہائی اہم ہوگا ۔قذافی سٹیڈیم میں سکیورٹی پلان کا ہر لحاظ اور پہلو سے جائز ہ لیا جارہاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز ڈولفن ہیڈ کواٹرز قربان لائنز میں ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن چوہدری سلطان ،ایس پی موبائلز فیصل شہزاد اور ڈی ایس پیز کے علاوہ اہلکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرحیدر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ ہماری فورس کا مورال بلند ہے اور ہم کسی بھی چیلنج کو قبول کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں ۔ہمارے جوان قذافی سٹیڈیم اور ملحقہ سڑکوں پر ہرآنے جانے والے مشکوک شخص پر نگاہ رکھیں گے اور پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے لئے پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی ۔ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ کے اہلکاروں ریہرسل بھی کروائی جائے گی ۔پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں۔