ڈینگی ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں داتا پکوان سنٹر پر 500روپے جرمانہ
لاہور(نامہ نگار)جوڈیشل مجسٹریٹ نے ڈینگی ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں ملوث داتا پکوان سنٹر کے مالک کے اعتراف جرم پر 500روپے جرمانہ عائد کر دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر نواز وڑائچ نواں کوٹ پولیس نے داتا پکوان سنٹر بند روڈ کے حافظ سعید کے خلاف درج مقدمہ کا چالان پیش کیا، پراسکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے داتا پکوان سنٹر بند روڈ پر ناقص صفائی کے باعث ڈینگی لاروا پیدا ہو رہا تھا جبکہ ملزم کو ڈینگی کے تدارک کے لئے نوٹسز بھی بھجوائے گئے لیکن ملزم نے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، پراسکیوشن نے مزید دلائل دیئے کہ محکمہ ماحولیات نے ملزم کے پکوان سنٹر پر چھاپہ مار کر ڈینگی لاروا کا سیمپل بھی حاصل کیا جس کی رپورٹ بھی مثبت آ چکی ہے لہٰذا ملزم کے خلاف ڈینگی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے، ملزم نے عدالت کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے کوتاہی ہوئی ہے ،عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد داتا پکوان سنٹر کے مالک کے اعتراف جرم پر اسے 500روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔