16کروڑ کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت ، فائنل میں ہر ممکن سکیورٹی دینگے :جنرل باجوہ ، پرامن ماحول میں میچ کا انعقاد یقینی بنائینگے : شہباز شریف

16کروڑ کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت ، فائنل میں ہر ممکن سکیورٹی دینگے :جنرل ...

 لاہور(رپورٹنگ سیل،ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں آرمی چیف نے کہا کہ پنجاب پولیس کی مدد کیلئے پاک فوج اور انٹیلی جنس ادارے بھرپور تعاون کیلئے تیار ہیں ، پرامن ماحول میں پی ایس ایل کا فائنل میچ یقینی بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں پی ایس ایل فائنل میچ میں سکیورٹی کے امور کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ادارے پنجاب پولیس کی مدد کیلئے تیار ہیں اور پی ایس ایل فائنل کیلئے بھرپور سکیورٹی دی جائے گی تاکہ پرامن ماحول میں میچ کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ،سکیورٹی کیلئے جوچیزیں درکار ہیں ہمیں بتائی جائیں،جس پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھرپور تعاون ،حمایت اور مدد پر آرمی چیف کا شکریہ اداکیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل میچ میگاایونٹ ہے اوراسے کامیاب بنانے کیلئے سب نے دن رات محنت کرنا ہے۔ پرامن اور محفوظ ماحول میں فائنل میچ کا انعقاد یقینی بنائیں گے اورفائنل میچ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے جبکہ دیگر انتظامات بھی اعلی معیار کے ہوں گے ۔لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد پورے ملک کے لئے باعث اعزاز ہے اورآپ سب نے مل کر اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ بصیرت کے ساتھ میچ کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانا ہے ۔فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مشاورت اورمعاونت بھی حاصل ہے۔یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ فائنل میچ کے انعقاد کیلئے جس طرح آپ سب کام کررہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ آپ ضرور سرخرو ہوں گے۔جذبے صادق ہوں تو پہاڑ جیسی منزل بھی آسان ہوجاتی ہے ۔سیکرٹری داخلہ اورکمشنر لاہور ڈویژن نے فائنل میچ کے لئے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ،رانا ثناء اللہ،رانا مشہود احمد ،ایوب گادھی،سید رضا علی گیلانی،جہانگیر خانزادہ،مشیر رانا مقبول احمد ،معاون خصوصی ملک محمد احمد خان،مشیر عمر سیف،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن کی قیادت میں توانائی کے شعبے کی چینی کمپنی کے وفدنے ملاقات کی۔چینی کمپنی نے توانائی کے شعبہ خصوصا ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا ۔وزیراعلی شہبازشریف نے چینی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیاہے۔چینی کمپنی دل کھول کر سرمایہ کاری کرے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے ۔

شہباز شریف

لاہور(رپورٹنگ سیل،ایجنسیاں)پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور میں جہاں بینکوں کے سامنے طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں وہیں ،16کروڑ کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت ہوگئے ۔پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹیں کیو ٹکٹس ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ پر فروخت کیلئے پیش کی گئیں اور بدھ کی دوپہر سے ہی اس ویب سائٹ پر ’’سولڈ آؤٹ‘‘کا پیغام شائع کر دیا ہے۔دوسری طرف بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس سمیت تمام برانچوں پر پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کیلئے کھڑی توڑ رش رہا۔ بیشتر برانچوں پر خریداروں کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس طلب کرنا پڑی ۔ بینک آف پنجاب کی گلبرگ میں واقع ہیڈ آفس کے باہر شدید رش کے باعث رینجر کو طلب کیا گیا ۔ کئی مقامات پر خریداروں اور پولیس میں ہاتھا پائی اور چھڑپیں بھی ہوئیں ۔ خریداروں نے الزام لگایا کہ بینک کے منیجر اور عملہ اندر خانہ ہی خاص طور پر پانچ سو روپے والی ٹکٹیں اپنے عزیر و اقارب اور واقف داروں کو فروخت کر رہے ہیں اور عام خریداروں کو ٹکٹیں ختم ہو گئیں ہیں کا کہ کر ٹرخایا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پانچ مارچ کو کھیلے جانیوالے میچ کیلئے جنرل سٹینڈ کے ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ چار، آٹھ اور بارہ ہزار مالیت کے ٹکٹ بھی دستیاب ہیں۔پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق 500 روپے مالیت کے دس ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔گزشتہ روز سے بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس سمیت تمام برانچوں میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی ۔ بینک کے اوقات شروع ہونے سے قبل ہی ہیڈ آفس سمیت تمام برانچوں کے باہر سینکڑوں افراد جمع ہو گئے اور پہلے گھنٹے میں ہی پانچ سو روپے والی ٹکٹیں ختم ہو گئیں بارہ بجے تک بیشتر برانچوں میں چار ہزار والی ٹکٹیں بھی ختم ہو گئیں ۔ ہیڈ آفس کے باہر شدید رش کے باعث پہلے پولیس طلب کی گئی جو رش کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی اور کئی بار پولیس اور نوجوانوں میں چھڑپ ہوئی جس پر انتظامیہ کی جانب سے رینجر زکو طلب کیا گیا جس سے موقع پر پہنچ کر ہجوم کو کنٹرول کیا ۔بینک کی دیگر پرانچوں پر بھی ایسی ہی صورت حال رہی ۔ اور شدت رش کے باعث تمام برانچوں کے باہر پولیس طلب کی گئی ۔ بیشتر برانچوں کے باہر پولیس اور نوجوانوں میں ہاتھا پائی اور چھڑپ ہوئی ۔ کئی مقامات پر پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا ۔ خریداروں کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ بینک کے منیجر اور عملہ ملی بھگت سے پانچ سو روپے والی ٹکٹیں اندر کھاتے اپنے واقف کاروں کو دے رہے ہیں ۔ خریداروں کی جانب سے یہ بھی الزام لگایا گیا کہ بینک کی جانب سے ٹکٹوں پر اضافی رقم وصول کی جارہی ہے بارہ ہزار والی ٹکٹ پر اٹھ سو روپے ، اٹھ ہزار والی ٹکٹ پر چھ سو روپے ، چار ہزار والی ٹکٹ پر چار سو روپے اور پانچ سو روپے والی ٹکٹ پر دو سو روپے زائد وصول کئے جا رہے ہیں ۔

مزید : صفحہ اول