فائنل میں ہر ممکن سکیورٹی دینگے : جنرل باجوہ کی شہباز شریف سے گفتگو ، 16کروڑ کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت

فائنل میں ہر ممکن سکیورٹی دینگے : جنرل باجوہ کی شہباز شریف سے گفتگو ، 16کروڑ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(رپورٹنگ سیل،ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں آرمی چیف نے کہا کہ پنجاب پولیس کی مدد کیلئے پاک فوج اور انٹیلی جنس ادارے بھرپور تعاون کیلئے تیار ہیں ، پرامن ماحول میں پی ایس ایل کا فائنل میچ یقینی بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں پی ایس ایل فائنل میچ میں سکیورٹی کے امور کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ادارے پنجاب پولیس کی مدد کیلئے تیار ہیں اور پی ایس ایل فائنل کیلئے بھرپور سکیورٹی دی جائے گی تاکہ پرامن ماحول میں میچ کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ،سکیورٹی کیلئے جوچیزیں درکار ہیں ہمیں بتائی جائیں،جس پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھرپور تعاون ،حمایت اور مدد پر آرمی چیف کا شکریہ اداکیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ

لاہور(رپورٹنگ سیل،ایجنسیاں)پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور میں جہاں بینکوں کے سامنے طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں وہیں ،16کروڑ کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت ہوگئے ۔پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹیں کیو ٹکٹس ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ پر فروخت کیلئے پیش کی گئیں اور بدھ کی دوپہر سے ہی اس ویب سائٹ پر ’’سولڈ آؤٹ‘‘کا پیغام شائع کر دیا ہے۔دوسری طرف بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس سمیت تمام برانچوں پر پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کیلئے کھڑی توڑ رش رہا۔ بیشتر برانچوں پر خریداروں کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس طلب کرنا پڑی ۔ بینک آف پنجاب کی گلبرگ میں واقع ہیڈ آفس کے باہر شدید رش کے باعث رینجر کو طلب کیا گیا ۔ کئی مقامات پر خریداروں اور پولیس میں ہاتھا پائی اور چھڑپیں بھی ہوئیں ۔ خریداروں نے الزام لگایا کہ بینک کے منیجر اور عملہ اندر خانہ ہی خاص طور پر پانچ سو روپے والی ٹکٹیں اپنے عزیر و اقارب اور واقف داروں کو فروخت کر رہے ہیں اور عام خریداروں کو ٹکٹیں ختم ہو گئیں ہیں کا کہ کر ٹرخایا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پانچ مارچ کو کھیلے جانیوالے میچ کیلئے جنرل سٹینڈ کے ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ چار، آٹھ اور بارہ ہزار مالیت کے ٹکٹ بھی دستیاب ہیں۔پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق 500 روپے مالیت کے دس ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔گزشتہ روز سے بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس سمیت تمام برانچوں میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی ۔ بینک کے اوقات شروع ہونے سے قبل ہی ہیڈ آفس سمیت تمام برانچوں کے باہر سینکڑوں افراد جمع ہو گئے اور پہلے گھنٹے میں ہی پانچ سو روپے والی ٹکٹیں ختم ہو گئیں بارہ بجے تک بیشتر برانچوں میں چار ہزار والی ٹکٹیں بھی ختم ہو گئیں ۔ ہیڈ آفس کے باہر شدید رش کے باعث پہلے پولیس طلب کی گئی جو رش کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی اور کئی بار پولیس اور نوجوانوں میں چھڑپ ہوئی جس پر انتظامیہ کی جانب سے رینجر زکو طلب کیا گیا جس سے موقع پر پہنچ کر ہجوم کو کنٹرول کیا ۔بینک کی دیگر پرانچوں پر بھی ایسی ہی صورت حال رہی ۔ اور شدت رش کے باعث تمام برانچوں کے باہر پولیس طلب کی گئی ۔ بیشتر برانچوں کے باہر پولیس اور نوجوانوں میں ہاتھا پائی اور چھڑپ ہوئی ۔ کئی مقامات پر پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا ۔ خریداروں کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ بینک کے منیجر اور عملہ ملی بھگت سے پانچ سو روپے والی ٹکٹیں اندر کھاتے اپنے واقف داروں کو دے رہے ہیں ۔ خریداروں کی جانب سے یہ بھی الزام لگایا گیا کہ بینک کی جانب سے ٹکٹوں پر اضافی رقم وصول کی جارہی ہے بارہ ہزار والی ٹکٹ پر اٹھ سو روپے ، اٹھ ہزار والی ٹکٹ پر چھ سو روپے ، چار ہزار والی ٹکٹ پر چار سو روپے اور پانچ سو روپے والی ٹکٹ پر دو سو روپے زائد وصول کئے جا رہے ہیں ۔
ٹکٹیں فروخت