دہشتگرد کچھ بھی کر لیں پاکستان میں کرکٹ بھی ہو گی ، سی پیک بھی بنے گی : چودھری نثار

دہشتگرد کچھ بھی کر لیں پاکستان میں کرکٹ بھی ہو گی ، سی پیک بھی بنے گی : چودھری ...

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد چاہے کچھ بھی کر لیں پاکستان میں کرکٹ بھی ہو گی اور سی پیک منصوبہ بھی پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز روات کے علاقہ ہرکہ میں شادی ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے پاکستان اور موجودہ پاکستان میں واضح فرق ہے،ہماری نیت ٹھیک اور ہاتھ صاف ہیں،نہ پہلے کبھی کسی آزمائش میں گھٹنے ٹیکے نہ اب ڈگمگائیں گے تا ہم پاکستان کے عوام کی ضرورت محاذ آرائی نہیں امن و امان اور ترقی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان میں حکومت کرنا آسان کام نہیں ۔سیاست دلیل اور عوام خدمت سے کی جاتی ہے گالی گلوچ سے نہیں،ہر چیز پر سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ مناسب نہیں۔جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں ملک پاکستان کیلئے کچھ نہیں کیا وہ اب ہم پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزت عہدہ سے نہیں کردار سے ملتی ہے،کوئی جتنا چاہے جھوٹ بولے مگر ہم سچ بولتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں یوسی بگا شیخان،جھٹہ ہتھیال اور بسالی میں ایک ارب 32 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ 1985 میں جب پہلی بار الیکشن میں حصہ لیا تو یہ علاقے پسماندگی کا شکار تھے ۔2002 کے انتخابات میں اہالیان روات نے مجھے مایوس کیا جبکہ پرویز مشرف نے مجھے شکست دلانے کیلئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 52 اور 53 میں پانچ وفاقی وزراء اور مشیر مقرر کئے مگر اس کے باوجود وہ میرا مقابلہ نہ کر سکے ۔ انہوں نے آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھٹو کی پیپلز پارٹی اب زرداری پارٹی بن گئی ہے ۔انہوں نے ٹیکسلا سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی غلام سرور پر تنقید کی اور کہا کہ موصوف 1985 سے لے کر اب تک کئی پارٹیاں تبدیل کر چکے ہیں، وہ پارٹی تبدیل کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست میں کوئی کرپشن نہیں کی میری زندگی عوام کے سامنے کھلی کتاب ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...