وزیراعظم محمد نواز شریف کو ایکو کے تیرہویں سربراہ اجلاس کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف کو اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے تیرہویں سربراہ اجلاس کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ ایکو سربراہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوا جس میں اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، ایران، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان اور ازبکستان کے سربراہان مملکت و حکومت کے علاوہ چین کے خصوصی نمائندے نے شرکت کی۔ پاکستان میں افغانستان کے سفیر نے سربراہی اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ اقتصادی تعاون تنظیم 1985ء میں قائم کی گئی تھی۔ ابتدائی طور پر ایران، پاکستان اور ترکی اس تنظیم کے رکن تھے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ یہ تنظیم علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کا تسلسل ہے جو 1964ء سے 1979ء تک قائم رہی۔ 1992ء میں ایکو میں 7 نئے ارکان کا اضافہ کیا گیا جس میں افغانستان، آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔