پی ایس ایل کا فائنل میچ میگا ایونٹ ہے، پر امن اور محفوظ ماحول میں انعقاد یقینی بنائینگے : شہباز شریف

پی ایس ایل کا فائنل میچ میگا ایونٹ ہے، پر امن اور محفوظ ماحول میں انعقاد ...

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل میچ میگاایونٹ ہے اوراسے کامیاب بنانے کیلئے سب نے دن رات محنت کرنا ہے۔ پرامن اور محفوظ ماحول میں فائنل میچ کا انعقاد یقینی بنائیں گے اورفائنل میچ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے جبکہ دیگر انتظامات بھی اعلی معیار کے ہوں گے ۔لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد پورے ملک کے لئے باعث اعزاز ہے اورآپ سب نے مل کر اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ بصیرت کے ساتھ میچ کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانا ہے ۔فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مشاورت اورمعاونت بھی حاصل ہے۔یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ فائنل میچ کے انعقاد کیلئے جس طرح آپ سب کام کررہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ آپ ضرور سرخرو ہوں گے۔جذبے صادق ہوں تو پہاڑ جیسی منزل بھی آسان ہوجاتی ہے ۔اجلاس کے دوران انٹری پوائنٹس سے شائقین کو سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے خصوصی فری بس شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیاگیا۔سیکرٹری داخلہ اورکمشنر لاہور ڈویژن نے فائنل میچ کے لئے سکیورٹی اوردیگر انتظامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ،رانا ثناء اللہ،رانا مشہود احمد ،ایوب گادھی،سید رضا علی گیلانی،جہانگیر خانزادہ،مشیر رانا مقبول احمد ،معاون خصوصی ملک محمد احمد خان،مشیر عمر سیف،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن کی قیادت میں توانائی کے شعبے کی چینی کمپنی کے وفدنے ملاقات کی۔چینی کمپنی نے توانائی کے شعبہ خصوصا ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا ۔وزیراعلی شہبازشریف نے چینی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیاہے۔چینی کمپنی دل کھول کر سرمایہ کاری کرے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے ۔ چینی کمپنی کے سربراہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے شعبہ خصوصا ٹرانسمیشن سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔چینی کمپنی گلوبل انرجی انٹر کنکشن ڈویلپمنٹ اینڈ کارپوریشن آرگنائزیشن کے وفد میں چن ژکیانگ اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی، چیئرمین قائداعظم سولر پارک لمیٹڈ کمپنی چوہدری عارف سعیداور چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اورملک بھر میں جاری توانائی کے منصوبے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاقوں جھنگ، شیخوپورہ اور بلوکی میں لگنے والے 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس اسی سال مکمل ہوں گے،ان منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600میگا واٹ کے منصوبے27ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہے ہیں۔ 1320میگاواٹ کاساہیوال کول پاور پلانٹ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے۔ اتنی گنجائش کے منصوبے اتنے کم وقت میں چین میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔اس منصوبے کی تکمیل سے 1320میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی، چیئرمین قائداعظم سولر پاور لمیٹڈ،جنرل منیجر پیپکو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید : کراچی صفحہ اول