سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنیکی دُشمن کی کوششیں ناکا م ہوگئیں،برجیس طاہر

سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنیکی دُشمن کی کوششیں ناکا م ہوگئیں،برجیس ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دُشمن کی جانب سے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی تمام تر مذموم کوششیں ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای سی او سمٹ کا پاکستان میں کامیاب انعقاداس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان سفارتی سطح پر ایک مضبوط پوزیشن رکھتا ہے اور اس سمٹ کے کامیاب انعقاد ، پاکستان کی خطے میں اہمیت اور اس کی Strategic location کی بھی اہمیت کا بھی کھلا اعتراف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کا درجنوں ممالک کے لیے انتہائی اہمیت کا حا مل بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس خطے کے اربوں افراد کو مستفید کرنے کے لیے کئی ممالک سی پیک منصوبے کا حصہ بننے کے خواہش مند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باعث پاکستان کے دُشمن سخت بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں اور وہ شر پسند عناصر اور دہشت گردوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ PSLکے فائنل کا لاہور میں انعقاد کا فیصلہ انتہائی خوش آئندہ ہے اور یہ دہشت گردوں اور اُن کے ہینڈلرز اور سہولت کاروں کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے عوام،حکومت اور سیکیورٹی ادارے دُشمن کے ناپاک ارادوں کو ہر گز کامیاب نہ ہونے دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اوڑی حملے ڈرامے کے الزام میں گرفتار پاکستانی نوجوان بے گناہ ثابت ہونے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر درحقیقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم کو دنیا سے چھپانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دیے بغیر خطے میں دیر پا امن کسی صورت میں قائم نہیں ہو سکتا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ بھارت کے بارہا الزامات غلط ثابت ہونے سے دُنیا یہ جان چکی ہے کہ درحقیقت بھارت خطے میں قیام امن کی کوششون میں مخلص نہیں ہے بلکہ حالات کو مزید کشیدہ کرنے کے لیے پاکستان میں انتشار کی سازشیں اور آبی جارحیت جیسے اقدامات میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوئے بغیر اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حقوق کی آواز دُنیا کے ہر فورم پر بلند کرتا رہے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...