سی پیک سے سندھ سمیت پورے ملککو فائدہ ہو گا :جنرل (ر)عبدالقیوم

سی پیک سے سندھ سمیت پورے ملککو فائدہ ہو گا :جنرل (ر)عبدالقیوم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں پائیدار جمہوریت کا قیام آزاد میڈیا کے وجود سے مشروط ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری سے سندھ سمیت پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔مسلم لیگ (ن) صوبائیت کے بجائے قومی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے میٹ دی ایڈیٹرز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر سینیٹر سلیم ضیا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذرائع ابلاغ کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ پرنٹ میڈیا کا کردار مجموعی طور پر انتہائی ذمہ دار انہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی خطرات سے مکمل آگاہ ہے اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ پاکستان دنیا کی بہادرفوج، ایٹمی ہتھیار اور جدید میزائل ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے اڈے اور سہولت کار ختم کئے جس سے پورے ملک بالخصوص کراچی میں امن قائم ہوا۔ افغانستان کی غیر سنجیدہ حکومت کی وجہ سے دہشت گردی ہو رہی ہے، مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کے خطرات صرف پاکستان کی کوششوں سے حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ ایک سے ڈیڑھ سال کے اندر ختم ہو جائے گی، تمام مکاتب فکر کے افراد، سیاسی جماعتیں ہمارا ساتھ دیں۔معاشی ترقی کے لئے صنعتکاری کو فروغ دے رہے ہیں، پاکستان اسٹیل مل کو پھر سے منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔ پی آئی اے سمیت دیگر خودمختار اداروں کے حالات بھی سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ابتری کا شکار ہیں، لاکھوں کی تنخواہ کے پیکیج دے کر اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ہمسایہ ممالک میں ہمارے ساتھ لگنے والی اسٹیل مل 10ملین ٹن پیداوار جبکہ ہماری مل تباہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ با صلاحیت ہیں جو کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں، ہمارا تعاون ان کے ساتھ ہمیشہ رہے گا اور ہم صوبے کے معاملے میں مداخلت کو درست نہیں سمجھتے کیوں کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد بہت سے محکمے صوبوں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ آئے گا سب کو قابل قبول ہوگا۔سینیٹر سلیم ضیا نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سندھ میں اچھے کام کیئے ہیں جس کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کے امیدواروں کو کامیابی ملی ہے، آئندہ کے عام انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لیں گے اور عوام کا دل جیتیں گے۔اس موقع پرسی پی این ای کے سیکریٹری جنرل اعجازالحق نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل اعجازالحق، نائب صدر عامر محمود، سینئر اراکین وامق زبیری، اکرام سہگل، ڈاکٹر جبار خٹک، انور ساجدی، رفیق افغان، غلام نبی چانڈیو، حامد حسین عابدی، طاہر نجمی، وحید جمال، عبدالخالق علی، قاضی مصطفی، مظفر اعجاز، نجم الدین شیخ، شبیر چوہدری، یونس مہر، سلمان قریشی، عبدالرحمن منگریو، عبدالسلام باتھ، علی بن یونس، عثمان عارب ساٹی، تقی علوی، عبدالقیوم خان، سید کامران رضوی، بشیر احمد میمن، سید محمد رضا شاہ، محمد اقبال، ممتاز پھلپوٹہ،کاشف حسین میمن، امتیاز قاضی، فرخ مجید اور حسینہ جتوئی سمیت کثیر تعداد میں ایڈیٹروں نے شرکت کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...