پنجاب پولیس پختونوں کو بلا جواز تنگ کرنے سے گریز کرے:ظاہر شاہ طورو

پنجاب پولیس پختونوں کو بلا جواز تنگ کرنے سے گریز کرے:ظاہر شاہ طورو

بخشالی (نمائندہ پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما ظاہر شاہ طورو اور ضلعی نائب ناظم اسد کشمیری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنا قبلہ درست کرے اور غیور پختونوں کو بلاوجہ تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، پختون قوم نے ملک و قوم کی بقاء کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں جس کا صلہ ہمیں یہ دیا جارہا ہے کہ ہماری حب الوطنی پر شک وشبہات کے سرکاری اشتہارات جاری کئے جارہے ہیں، پنجاب پولیس پختونوں کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اپنی ناکامی اور مکروہ چہرا چھپانے کیلئے پختونوں کو تمام دستاویزات پورے ہونے کے باوجود گرفتار کررہی ہے ،اسد کشمیری کا کہنا تھا کہ پشتونوں کے خلاف مہم چل رہی ہے پشتونوں کو نشانہ بنانے میں حکومت کی سرپرستی ہے پنجاب میں پشتونوں کے خلاف آپریشن قابل مذمت ہے۔ پنجاب میں ایک قوم کو نشانہ بنانا وفاق کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی پر سارے بلوچوں کو دہشت گرد نہیں کہا جاسکتا۔ کچھ لوگوں کی وجہ سے سب کو دہشت گرد قرار نہیں دیا جاسکتا۔ سندھی ‘ پنجابی سے ذیادہ پختون محب وطن ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن رد الفساد کا اعلان خوش آئند ہے اور ملک بھر میں قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ٹارگٹڈ کاروائی کی جانی چاہئے ، کسی بھی مصلحت سے قطع نظر دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر