وزیراعظم چینی صدر کی دعوت پر مئی میں چین کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ وہ چین کے صدر شی چن پھنگ کی دعوت پر امسال مئی میں چین کا دورہ کریں گے،وہ بیلٹ و روڈ فورم برائے بین الاقوامی ترقی جس کی میزبانی چینی حکومت کرے گی میں شرکت کرنے جائیں گے،وہ اس موقع پر چین پاکستان اقتصادی راہداری جو کہ بیلٹ و روڈ منصوبے کا پائلٹ اور اہم پراجیکٹ ہے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ بات انہوں نے گذشتہ روز یہاں چین کے ایگزیکٹو نائب وزیرخارجہ یی سوئی جانگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔یی سو ئی جانگ خصوصی دعوت پر ای سی او این سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے آئے ہیں۔آئندہ فورم میں علاقائی و عالمی اقتصادی مسائل کے حل ،بین المربوط ترقی کیلئے نئی توانائی کے حصول اور اس امر کو یقینی بنانے کہ بیلٹ و روڈ منصوبہ سے متعلقہ ممالک کی عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچیں طریقے تلاش کیے جائیں گے۔