’ایٹم بم بنانے کیلئے ہم نے یہ چیز پاکستان کو پہنچائی۔۔۔‘ چین سے تہلکہ خیز دعویٰ منظر عام پر آگیا
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے انتہائی کم وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود ایٹمی میدان میں جو کامیابی حاصل کی اس پر دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں آج بھی حیران ہیں۔ پاکستان کی اس ناقابل یقین کامیابی کے متعلق شروع سے ہی عجیب و غریب قسم کی باتیں کی جاتی رہی ہیں اور طرح طرح کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ایک ایسا ہی دعویٰ NTDٹی وی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے، جس کے مطابق چائنہ انسٹی ٹیوٹ آف اٹامک انرجی کے سابقہ تحقیق کار ہوانگ ہوئی پنگ کا کہنا ہے کہ ”1980ءکی دہائی میں CIAE کے ٹاسکس میں سے ایک دیگر ممالک کو نیوکلیئر ٹیکنالوجی منتقل کرنا بھی تھا، جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔ ان کے لوگ نیوکلیئر انجینئرنگ پڑھنے کے لئے چین آتے تھے، اور چین (بشمول ہمارے انسٹیٹیوٹ کے) نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں معاونت فراہم کرنے کے لئے اپنے سپیشلسٹ پاکستان بھیجتا تھا۔“ رپورٹ کے مطابق 2009ءمیں واشنگٹن پوسٹ نے بتایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چین نے ”ہمیں 50Kg ویپن گریڈ افزودہ یورینیم کا تحفہ دیا ، جو کہ دو ہتھیار بنانے کے لئے کافی تھا۔“