کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر فائنل 4 میں جگہ پکی کرلی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر فائنل 4 میں جگہ پکی کرلی

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل فور میں جگہ بنالی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19 ویں اوور میں 122 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عمر صدیق اور جیمز ونس نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں وینس 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد جانسن چارلس نے عمر صدیق کیساتھ مل کر 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 62 کے مجموعی سکور پر عمر صدیق 14 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ملتان سلطانز کی وکٹیں گنوانے کے باوجود کپتان شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے اور پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سلطانز کی جانب سے جانسن چا رلس 46 اور شعیب ملک 21 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ملتان الیون کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر اور ڈیوائن براوو نے 3، 3 جبکہ محمد نواز نے 2 اور محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ملتان سلطانز کے 122 رنز کے ہد ف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احسن علی نے کیا اور دونوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی تاہم 49 کے مجموعی سکور پر شین واٹسن 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ احسن علی کی گری جو 17 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ تیسری وکٹ کی شرا کت میں احمد شہزاد اور رلی روسو نے 48 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 103 کے مجموعی سکور پر روسو 35 رنز بناکر رن ااؤٹ ہوئے اور اس کے بعد عمر اکمل بھی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔کوئٹہ نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز کا ہدف حاصل کیا جبکہ اس کامیابی کے بعد سرفراز الیون نے فائنل فور میں جگہ بنالی ہے۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رلی روسو 35 اور شین واٹسن 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 2 اور محمد الیاس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ملتان کی اس شکست کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

مزید : صفحہ اول