وزیراطلاعات فواد چوہدری اور خواجہ آصف میں نوک جھونک

وزیراطلاعات فواد چوہدری اور خواجہ آصف میں نوک جھونک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراطلاعات فواد چوہدری اور (ن ) لیگی رہنما خواجہ آصف میں نوک جھونک ہوگئی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا وہ روزمودی کوفون کرتے ہیں مگروہ بات نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عمران خان کو مودی کا یارنہیں کہتے، کل یہی باتیں نوازشریف کرتے تھے تو ان کو کیا کیا القابات دئیے گئے۔خواجہ آصف نے کہا کہ مخالفت ضرور کریں ،بھرپوراختلاف بھی کریں لیکن سیاسی ظرف کا دامن نہ چھوڑیں۔ایوان میں خواجہ آصف کے شکوے کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج جواب دینے کا ماحول نہیں ہے، پھر کبھی آپ کو جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے فون کرنے اور دوسروں کے فون کرنے میں کیا فرق ہے یہ بھی بعد میں بتاؤں گا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سب اس بات پر متفق ہیں کہ ہم جنگ نہیں چاہتے ، پاکستان میں بھی اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ جنگ نہیں ہونی چاہیے لیکن کیا ہندوستان میں بھی یہ اتفاق رائے ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ جنگ سے صرف دو ملکوں کے نہیں پوری دنیا کے لوگ متاثر ہوں گے، لہذا 40 سال پہلے کی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر جنگ کا ماحول بنا تو یہ کسی کے حق میں نہیں ہے کیونکہ جنگ کسی کی سگی نہیں ہوتی، ہر حال میں تباہی ہے اور جنگ سے صرف پاکستان بھارت ہی نہیں بلکہ پوری دنیا متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر وقت قومی معاملے پر یکجان اور متحد ہونا چاہیے۔بھارتی وزیراعظم مودی انتخابات کے لیے پاکستان سے جنگ کا ماحول بنانا چاہتے تھے۔
نوک جھونک

مزید :

صفحہ اول -