معدنیات کے خزانے کی تلاش میں حکومت بہترین حکمت عملی پر کام کررہی ہے، عمار یاسر

معدنیات کے خزانے کی تلاش میں حکومت بہترین حکمت عملی پر کام کررہی ہے، عمار ...

لاہور( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بے بہا نعمتوں سے نوزا ہوا ہے اس کے چپہ چپہ پر معدنیات کے خزانے کو پنہاں کیا ہوا ہے۔اس کی تلاش میں حکومت انتہائی حکمت عملی سے جستجو میں لگ چکی ہے اور جلد ان معدنیات کو زمین کے سینہ سے حاصل کرکے پاکستان کی قسمت کو دو چاند لگا دیں گے۔حکومت پنجاب نے مختلف علاقوں کاسروے کروایا ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ان نتائج کی روشنی میں جلد ان منتخب مقامات پر معدنیات حاصل کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف حکومتوں نے خفیہ طریقہ سے ان بیش بہا قیمتی معدنیات کو غیر ملکیوں کے ہاتھوں کوڑیوں کے مول بیچا۔مگر اب ایسا نہیں ہو گا۔پاکستان ان معدنیا کو حاصل کر کے ملک کی شناخت دنیا بھر میں ایک نئے زاویے سے کرائے گا جس سے پاکستان دنیا بھر میں معدنیات کے شعبہ میں ایک نیا نام پیدا کر کے دنیا بھر کے ماتھے کا جھومر بنے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شخص کو فنی تعلیم فراہم کر کے ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنے کی پالیسی پر کاربند عمل ہے ۔اس بنا پر پنجاب حکومت معیاری فنی تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔فنی تعلیم کے اداروں میں عملی امتحانات کا نہ ہونا قابل افسوس ہے۔آئندہ فنی تعلیم کے عملی امتحانات لازم ہوں گے اور فنی تعلیم کا ہر ادارہ لیب قائم کرنے کا بھی پابند ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا نظام بنائیں جس سے طلبہ کے لئے آسانیاں پیدا ہوں۔طلبہ کے لئے پریشانیوں کا باعث بننے والا نظام ہر قیمت پربدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت ہر ادارے میں میرٹ کی بالادستی قائم کرے گی اورمیرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے نظام کو درست کرنا قوم کے مفاد میں ہے۔اللہ نے منصب دیا ہے تو اسے استعمال کر کے نظام کو ٹھیک کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1