پلوامہ واقعہ کی آڑ میں جنگ کا آغاز بھارت کی تباہی پر منتج ہوگا،لیاقت بلوچ

پلوامہ واقعہ کی آڑ میں جنگ کا آغاز بھارت کی تباہی پر منتج ہوگا،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت 70سال جنگی جنون ،خطہ میں بالا دستی اور اقلیتوں کے حقوق کی پامالی کے عروج پر ہے ۔پلوامہ واقعہ کی آڑ میں جنگ کا آغاز بھارت کی تباہی پر منتج ہوگا۔پوری قوم پاک افواج کے ساتھ ہے ۔حکومت بھارت کی جارحیت کے مقابلہ میں حکمت عملی میں تنہا نہیں ہے ۔پوری ملت ایک اور پر جوش ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جمعیت طلبہ عربیہ کے ٹیلنٹ ایوارڈ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنگی حکمت عملی میں پارلیمنٹ اور افواج ایک پیج پر ہیں ۔بھارتی پائیلٹ کو رہا کرنا اچھا اقدام ہے لیکن یہ رہائی کشمیری قیادت کی رہائی اور کشمیر ی عوام پر مظالم بند کرنے کی مضبوط آواز کے ساتھ عمل میں لائی جاتی تو بہتر تھا ۔خطہ میں معاشی ترقی کیلئے امن ضروری ہے لیکن بدلے ہوئے عالمی حالات میں افغانستان سے امریکی انخلاء کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بنیادی اہمیت نظر انداز نہ کی جائے ،اس صورتحال میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی دباؤ بھی برداشت نہیں ہونا چاہئے ۔دریں اثناء لیاقت بلوچ نے مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی راہنما علامہ ناصر شیرازی کے والد مرحوم کی طالب والا سرگودھا میں تعزیت کی او ر سابق وفاقی سیکرٹری وکیل احمد خان کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باغ و بہار شخصیت کے مالک تھے ۔مرحوم دبنگ اور با اصول مثالی بیوروکریٹ تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1