بھارتی وزیراعظم کی سیاست پاکستان کیساتھ دشمنی پر مبنی ہے، پیپلزپارٹی
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی سیاست پاکستان کے ساتھ دشمنی پر مبنی ہے، او آئی سی کے فورم میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے کے فیصلے پر پاکستان کو اپنا سخت موقف اپنانا ہو گا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو اسی زبان میں جواب دینا ہو گا جو انہوں نے اپنایا ہے، پاکستان کو بھارتی پائلٹ کی رہائی پر جلد بازی نہیں کرنی چاہیے، دوستی کی وہی قدر کرتے ہیں جنہوں نے دوستی کی ہو، بھارتی وزیراعظم مودی کو دوستی کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے فورم میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے کے فیصلے پر پاکستان کو اپنا سخت موقف اپنانا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ کی موجودگی میں پاکستان کو اجلاس میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔سابق وزیر خارجہ و رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ بھارتی مودی سرکاری کا چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو گیا ہے، پاکستان نے میڈیا نے انتہائی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی جبکہ بھارتی میڈیا کے رویہ پر دنیا میں مزاحیہ ڈاکومنٹری بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے ملک میں عوام کو جنگ کرنے پر اکسایا ان کا لیڈر انتہا پسند اور دہشت گرد تنظیم کا ممبر ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور اپوزیشن جماعتوں کا اپنی حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔ حکومت کے ہر مثبت فیصلہ کے ساتھ عوام اور اپوزیشن کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے فورم نے بھی ایل او سی کی خلاف ورزی کی مذمت کی تھی۔ انہوں نے فورم میں بھارتی وزیر خارجہ کو پاکستان کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ کیا اس حوالے سے پاکستان کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہو گا۔
پیپلزپارٹی