پاکستان کے دشمنوں کوکاری جواب مل چکا ‘ایس ایم منیر

پاکستان کے دشمنوں کوکاری جواب مل چکا ‘ایس ایم منیر

کراچی (این این آئی)پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے لیڈر،یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ،سابق چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور حکومت کی بہترین حکمت عملی سے پاکستان کے دشمنوں کوکاری جواب مل چکا ہے،حکومت نے بھارتی پائیلٹ کو بھارتی حکومت کے حوالے کرنے کا ایک بہترین فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر مودی کی کورٹ میں بال پھینک دی ہے تاکہ وہ اپنی قوم کو جنگ کے نقصانات سے بچائیں اور پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے ہماری حکومت اورافواج پاکستان کے ساتھ ایک میز پر بیٹھ کرکشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کریں۔کاروباری برادری سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ بھارتی جارہیت کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے،ہمارے سیاستدان پاکستان کے مفاد میں ایک پیج پر یکجا ہیں اورپاکستان کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاک افواج کو حب بھی کسی بھی قسم کی قربانی کی ضرورت پڑی تو بزنس کمیونٹی سمیت قوم ہر وقت انکاساتھ دے گی، ہمیں پاکستانی عوام کو اپنی بہادت افواج پر فخر اور ناز ہے۔انہوں نے کہا کہ دوبھارتی طیاروں کو گرانے والے پاکستانی پائلٹس پوری قوم کے محسن ہیں ،اُن کی شجاعت سے انڈین ائیر فورس کو دھچکہ لگا ہے

، پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ، حکومت اسکواڈرن لیڈر محمد حسن صدیقی اور ان کے کو پائلٹ کوبہادری پر سرکاری ایوارڈ ستارہ جرأت دیا جائے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ جب کبھی وطن عزیز پر مشکل وقت آیاتو پاکستانی بزنس کمیونٹی افواج پاکستان کے ساتھ قدم ملا کرکھڑی رہی ہے ، بھارتی جارہیت نے23کروڑپاکستانی قوم کو یکجاکردیا ہے ،آج پوری قوم اور سیاستدان تمام اختلافات بھلا کر ملک کے تحفظ وسلامتی اور استحکام کے لیے یک زبان ہوچکے ہیں،ہمیں اسی اتحاد کے ساتھ اپنے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے۔

مزید : کامرس