7ویں سکائے انٹرٹینمنٹ کا نیا ڈرامہ رواں ماہ نشر کیا جائے گا
لاہور (فلم رپورٹر) ٹیلی ویژن کیلئے مشہور اور سپر ہٹ ڈرامہ پیش کرنے والا7thاسکائے انٹرٹینمنٹ ایک نئے ڈرامہ سیریل ’میرا رب وارث‘پیش کر رہا ہے جو 7مارچ 2019سے جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا۔ڈرامہ کی پیشکش باصلاحیت اور تخلیقی صلاحیتوں کی حامل جوڑی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے دی اور ہدایت اسد جبل جبکہ تحریر جہانزیب قمر کی ہے۔ڈرامہ میں معروف اداکار دانش تیمور اور مدیحہ امام مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ دیگر باصلاحیت تجربہ کار اداکاروں میں سیمی پاشا، عابد علی، تنویر جمال، فضیلہ قاضی، زین بیگ، شامین خان اور ہرا حسین شامل ہیں۔
’میرا رب وارث‘ کی کہانی ایک لڑکی ’عائشہ‘ کے گرد گھومتی ہے ، جسے مدیحہ امام نے ادا کیا ہے۔ وہ لڑکی مذہبی عقائد اور ساتھ ہی تابع رہنے والی طرز زندگی گزارنے پر یقین رکھتی ہے ۔ لیکن ایک حادثہ کی وجہ سے اس کی ملاقات ’حارث‘(اس کردار میں دانش تیمور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں) سے ہوتی ہے جو جدید تہذیب سے متاثر ہو کر آزاد خیال روایات پر یقین رکھتا ہے۔ جلد دونوں ایک دوسرے میں دلچسپی لینے لگتے ہیں اور شادی کرلیتے ہیں، لیکن آگے چل کر زندگی کے اتار چڑھاؤ سے ان کی ازدواجی زندگی مشکلات کا شکار ہوجاتی ہے۔ کیسے عائشہ ان تمام مشکلات کا مقابلہ کرتی ہے یہ سب رواں ماہ مارچ میں پیش کیا جائے گا۔
معروف شہرت یافتہ ڈرامے ’کہانی‘، ’گھر تتلی کا پر‘، ’تم سے ہی تعلق ہے‘، ’نولکھا‘،’میراخدا جانے‘ اورآجکل نشر ہونے والے ڈرامے ’رومیو ویڈز ہیر‘ ، ’دل کیا کرے‘ ، ’ اے دل تو بتا‘ اور ’سیرت‘ جیسے شائقین کے دلوں کو چھونے والے ڈراموں کو مشہور جوڑی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پیش کیا اور جلد ڈرامہ کے دلدادہ ناظرین کیلئے ایک اور بہترین ڈرامہ پیش کر رہے ہیں۔
*** ختم شدہ***