آرمی چیف کا امریکی ، برطانوی ، آسٹریلوی فوج کے سربراہوں سے رابطہ ، اردن کے شاہ عبد اللہ کا عمران خان کو فون

آرمی چیف کا امریکی ، برطانوی ، آسٹریلوی فوج کے سربراہوں سے رابطہ ، اردن کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی جارحیت کا یقینی طور پر جواب دے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف ملکوں کے فوجی سربراہوں سے رابطہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر، برطانوی اور آسٹریلوی فوجی سربراہان اور امریکا، برطانیہ اور چین کے پاکستان میں تعینات سفیروں سے رابطہ ہوا۔ رابطوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور اس کے خطے اور اس کے باہر امن و استحکام پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی جارحیت کا یقینی طور پر جواب دے گا۔یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کے بعد سے دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جب کہ پاکستان نے دراندازی کی کوشش پر انڈین ایئرفورس کے 2 طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک پائلٹ کو گرفتار کیا تھا، دریں اثنا اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوئم نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاکستان اور بھارت میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو سٹیٹ مین کی سوچ پر مبارکباد دی اور کشیدگی کم کرنے کیلئے عمران خان کے اقدام کو سراہا اور موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے عمران خان کو مبارکباد دی، ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شاہ عبداللہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی، وزیراعظم عمران خان نے کہا پاک بھارت کشیدگی کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حل ہو گا، پاکستان امن ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے اور پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور نہیں چاہتا کہ کشیدگی بڑھے اور بھارت کا جنگی جنوں خطے میں امن کیلئے خطرہ بنے۔

مزید :

صفحہ اول -