جنگ کی قیمت عوام کو اداکرنی پڑے گی ، مودی انتخابی کو امن کی راہ میں رکاوٹ نہ بنائے : بلاول

جنگ کی قیمت عوام کو اداکرنی پڑے گی ، مودی انتخابی کو امن کی راہ میں رکاوٹ نہ ...

لاہور، اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے جنگ کی قیمت عوام کو ا د ا کرنی پڑے گی ،ہمیں آنیوالی نسلوں کیلئے تمام تنازعات کے پر امن حل کی طرف بڑھنا ہو گا ،امید ہے مودی اپنی انتخابی مہم کو امن کی راہ میں ر کا وٹ نہیں بنائے گا اور انتخابات کے بعد بھارت اور پاکستان بیٹھ کر مسئلہ کشمیر حل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی اخبار دی ہندو کو انٹرویودیتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا خدا نہ کرے پاکستان اور بھارت میں جنگ چھڑ جائے کیونکہ جنگ کی اصل قیمت دونو ں ممالک کے عوام کو ادا کرنی پڑے گی، خصوصی طور پر برصغیر کی نوجوان نسل کو جنگ کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی ہی موجودہ بحران کا اصل جواب ہے، ہمیں تنازعات کے پرامن حل کی طرف بڑھنا اور اپنی آنیوالی نسلوں کا سوچنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا بیگناہ اور معصوم کشمیری پہلے ہی بہت بھگت چکے ہیں، کشمیریوں پر اب یہ مظالم ختم ہونے چاہئیں ،پاکستان بھارتی مظالم کیخلاف کشمیریوں کیساتھ ہے۔دریں اثناء سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کی جانب سے او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا نازک گھڑی میں عالمی فورم کو ہر صورت استعما ل کیا جانا چاہیے۔ بھارت کے نقطہ نظر اورجارحیت کو بے نقاب کرنے کیلئے اجلاس میں شرکت ضروری تھی۔

مزید : صفحہ اول