عمران کیلئے امن کے نوبل انعام کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

عمران کیلئے امن کے نوبل انعام کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

اسلام آ با د، نئی دہلی (آ ئی این پی)وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانے کے فیصلے نے لوگوں کو اتنا زیادہ متاثر کیا کہ دنیا بھر سے انہیں نوبل انعام دینے کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں،وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھجوانے کے فیصلے نے ثابت کردیا کہ وہ نا صرف سمجھداراورذمہ دار قائد ہیں بلکہ دنیا بھرمیں امن قائم رکھنے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی کے طورپرواپس بھجوانے کے اعلان کے بعد پاکستان میں عمران خان کیلئے امن کا نوبل انعام کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے جب کہ دنیا بھرسے لوگ وزیراعظم کو نوبل انعام دینے کے لیے آن لائن درخواست کررہے ہیں۔ عمران خان کے لئے امن کے نوبل انعام کی آن لائن درخواست پر اب تک 35 ہزارسے زائد لوگ دستخط کرچکے ہیں۔عمران خان کے امن وامان کے پیغام کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے ۔ امریکی اداکار جیریمی مک لیلن نے عمران خان کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کیا ہم اوباما سے نوبل پرائز واپس لے کرعمران خان کو دے سکتے ہیں؟عمران خان نے اپنے امن وآشتی کے پیغام سے بھارتیوں کابھی دل جیت لیا ایک بھارتی ٹوئٹرہینڈل سے عمران خان کے لیے نوبل انعام کا مطالبہ کیا گیا اور یہاں تک لکھا گیا کہ میں نے پہلی باراتنا سمجھدار وزیراعظم دیکھا ہے۔ شکریہ عمران خان!شکریہ پاکستان!،سوشل میڈیا پرایک تصویرگردش کررہی ہے جو یہ سمجھانے کے لیے کافی ہے کہ عمران خان نے بھارتیوں کے دلوں میں بسیرا کرلیا ہے۔ تصویرمیں چند بھارتی بچے بھارت کا جھنڈا ہاتھ میں اٹھائے ہیں جب کہ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈزبھی نظرآرہے ہیں جس میں شکریہ عمران خان لکھا ہوا ہے۔بھارتی فلمسازرام سبرامنین نے کہا عمران خان نے پورے بھارت کے دلوں کو فتح کرلیا ہے اور آج عمران خان کانام ہمارے وزیراعظم کے نام سے بڑا ہوگیا ہے۔

مزید : صفحہ اول