خواتین تحفظ پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کریں ٗاسماء سفیر

خواتین تحفظ پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کریں ٗاسماء سفیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت تمام اضلاع میں مرکزی تربیتی پروگرام کے تحت ارکان وامیدواران کیلئے استحکام تنظیم میں اخلاقیات کا کردار کے عنوان سے چار سیشنز پر مشتمل 84 تربیت گاہوں کا انعقاد کیا گیا۔جن میں انقلاب بذریعہ کردار،ایمان کی بھٹی سے نکلنے والی شخصیات،مطالعہ کی ضرورت واہمیت،بنیان مرصوص اور خوشگوار خاندان کے عنوانات کے تحت پروگرام رکھے گئے۔تربیت گاہوں سے جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین )کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی، ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار اور ناظمہ کراچی اسما سفیر سمیت مربین کی بڑی تعداد نے خطاب کیا۔تربیت گاہوں کے اختتام پر ناظمہ کراچی اسما سفیر نے تمام شرکاء اور ناظمات اضلاع کی انتھک لگن اور محنت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اخلاق وکردار کی بدولت مسلمانوں نے اسلام کے ابدی پیغام کو دنیا کے طول وعرض میں پھیلا یااور دلوں کو فتح کرکے اسلام کو دنیا کا سب سے زیادہ مقبول مذہب بنایا۔انہوں نے کہاکہ ارکان جماعت کا فرض ہے کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد میدان عمل میں سرگرم ہوجائیں۔اللہ کے دین کے غلبے اور دکھی انسانیت کو اسلام کے سایہ رحمت میں لانے کیلئے ہر سطح پر خلوص کے ساتھ کوششیں کی جائیں۔انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں جماعت اسلامی کی تحفظ پاکستان مہم کو سراہااور کہا کہ خواتین اپنے دائرہ کار میں مہم کی کامیابی کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر