بیرونی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے ،سید ناصر شاہ

بیرونی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے ،سید ناصر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بیرونی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے ، حکومت اوراپوزیشن سب پاک فوج کے ساتھ ہیں ، مودی سرکار نے گھناونی سازش کرکے پلوامہ کا ڈرامہ رچا یا تھا جو ناام ثابت ہوا۔ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے الیکشن میں خود کو کامیاب کرنے کے لئیے پاکستان پر حملہ کی کوشش کی لیکن اسے منہ کی کھانی پڑی ،ہم امن چاہتے ہیں جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے تاہم ہماری امن پسندی کو کمزوری نہیں سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی قوت ہیں منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں وزیر اعظم جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں ، پاکستان کو او آئی سی میں ضرور جانا چائیے تھا ، ناصر شاہ نے کہا کہ تواتر سے کراچی میں پھر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث کچھ لوپکڑے گئے ہیں اور اب واضح ہوگیا ہے کہ اس معاملے میں ملک دشمن الطاف حسین ملوث ہے ، انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں متحدہ کے دوستوں سے کہوں گا جب سارا معاملہ سامنے آگیا ہے تو اس پر وہ بات کیوں نہیں کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں پرپولیس رینجرز کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک آدھ دن میں سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے معاملات مکمل ہو جائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر