جنسی ہراسانی کے الزام کے بعد مستعفی ہونے والے گومل یونیورسٹی کے پروفیسر صلاح الدین گرفتار
ڈیرہ اسماعیل خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) گومل یونیورسٹی سےجنسی ہراسانی کے الزام کے بعد مستعفی ہونے والےپروفیسر صلاح الدین کو لیکچرار کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا، کینٹ پولیس نےپروفیسر صلاح الدین کوگرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل’’ہم نیوز‘‘ کے مطابق پولیس نے لیکچرار کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گومل یونیورسٹی کے ایک ہفتہ قبل مستعفیٰ ہونےوالے پروفیسر صلاح الدین کو گرفتار کر لیا ہے۔ڈی ایس پی محمد اقبال کا کہنا ہے کہ پروفیسر صلاح الدین کے خلاف جنسی ہراسانی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی انکوائری کی جارہی ہے،اُنہیں انکی رہائش گاہ وانڈہ موچیاں والا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گومل یونیورسٹی کے شعبہ عربی اور اسلامیات کے پروفیسر صلاح الدین کو خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام پر یونیورسٹی کی انتظامیہ نے استعفیٰ لے کر ایک ہفتہ قبل ملازمت سے فارغ کردیا تھا تاہم ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔پروفیسر صلاح الدین پر الزامات پہلے بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں لیکن ان سے وہ انکار کرتے آئے ہیں۔