اسلام نے پاکیزگی کو نصف ایمان کا درجہ قراردیا،سعید الحسن شاہ

اسلام نے پاکیزگی کو نصف ایمان کا درجہ قراردیا،سعید الحسن شاہ

  



لاہور (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے داتاؒ دربار کے سماع ہال میں منعقدہ " خواجہ غریب نواز کانفرنس " سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام نے سینکڑو ں سال پہلے جس پاک صاف زندگی کی بنیاد رکھی آج دنیا کا ہر مذہب اس کا بات کا معترف ہے۔اسلام نے پاکیزگی کو نصف ایمان کا درجہ دے کر ثابت کیا کہ ہر بیماری اور وبائی امراض کا مرض صرف پاک صاف زندگی میں پنہاں ہے۔آج دنیا بھر میں مختلف آفات و بلیات کرونا وائرس،ڈینگی اور دیگر وبائیں کا نزول احکامات الہٰی کو اپنی زندگی کا نصب العین نہ بنانا اور پاکیزگی کو نہ اپنانے کیوجہ سے ہے۔ وقت کا تقاضاکے لئے ہم فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے بزرگان اسلام کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کر یں۔ ان کے افکار اسلامی علوم و معارف کا خزانہ اوران کے آستانے روحانی فیوض کے مراکز ہیں۔ تمام بزرگان کی کتب شریعت و طریقت کے مضامین سے آراستہ ہیں۔انہوں نے صوفیانہ افکار و تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین و نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا۔ ایک ہزار سال قبل ہند کی سرزمین میں ان بزرگان ؒ نے حرفِ حق کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رسالت اور اسلام کی حقانیت کا جو بیج بویا،وہ اللہ تعالیٰ کی تائیدنصرت سے ایک ایسا تناور درخت بن گیا جِس کی جڑیں اس سرزمین میں نہایت مضبوط ہوگئیں اور شاخیں وسیع فضاؤں میں پھیل گئیں۔ انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیا کے درسِ محبت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ خواجہ معین الدین چشتی ؒ نے شرفِ انسانیت اور تکریم آدمیت کا درس دیا او ربرصغیر میں عظیم ترسماجی انقلاب کی بنیاد رکھی۔ آپ اخوت، مساوات،بھائی چارے اور انسان دوستی کے امین ہیں۔محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام منعقدہ اس عظیم الشان کانفرنس میں مختلف شرکاء نے حضرت خواجگان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے صوفیا کی خانقاہیں بہبودِ انسانی کے مراکزہیں۔ صوفیا نے اسلام کی تبلیغ اپنے اخلاق کے ذریعہ کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1