کورونا وائرس سے ڈرنے نہیں احتیاط کی ضرورت ہے،ڈاکٹر اکرم

  کورونا وائرس سے ڈرنے نہیں احتیاط کی ضرورت ہے،ڈاکٹر اکرم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی چیف میڈیکل آفیسرڈاکٹر محمد اکرم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ڈرنے کی نہیں بلکہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال کے زیر اہتمام یونیورسٹی کمیونٹی کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے بینرز، پوسٹرز لگانے کے ساتھ پملفٹس بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپری سانس کا انفیکشن اس وقت چین کے ساتھ دنیا کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جو تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وائرس جس کی وجہ سے ہے وہ بہت قوی ہے جس کا علاج اینٹی بائیوٹک سے ممکن نہیں۔ ڈاکٹر محمد اکرم نے کہا کہ کورونا وائرس کا شکار افراد کو بار بار بخار اور لمبے عرصے تک کھانسی رہتی ہے جبکہ اس کا شکار زیادہ تر بچے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالغوں کوعام طور پر بے چینی، سر درداور بنیادی طورسانس سے متعلق بیماری محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے بار بار اچھے صابن سے ہاتھ دھونے، سردی اور زکام کے مریضوں سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کھانستے اور چھینکتے وقت منہ اور ناک کوڈھانپ کر رکھنااور پالتو جانوروں سے دور رہنا چاہیے۔