ٹیکس ادائیگی شعور اجاگر کرنے کیلئے نصاب کا حصہ بنایا جائے،عامر قدیر

  ٹیکس ادائیگی شعور اجاگر کرنے کیلئے نصاب کا حصہ بنایا جائے،عامر قدیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)چیئرمین ریونیوایڈوائزر ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ ٹیکس ادائیگی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے اسے نصاب کا حصہ بنایا جائے، اگر حکومت نے ٹیکس اہداف حاصل کرنا ہیں تو اس کیلئے ٹیکس جمع کرنے والے اداروں سے کالی بھیڑوں کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ نا گزیر ہے، چھوٹے تاجروں کیلئے انتہائی کم شرح سے فکسڈ ٹیکس سکیمیں ہونی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے آل پاکستان انجمن تاجران اور کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عامر قدیر نے کہا کہ آج کاروبار کرنے والے طبقے میں ہیجان کی کیفیت ہے اورخدشات کی وجہ سے کبھی بھی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ جو جتنا بھی ٹیکس دے رہا ہے حکومت کو اس کا شکر گزار ہونا چاہیے لیکن ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کے افسران اور ملازمین ٹیکس دہندگان کو خوفزدہ کرنے کیلئے بلا وجہ نوٹسز بھجواتے ہیں جس کی وجہ سے حکومت کی بد نامی ہوتی ہے اور لوگ دوسروں کو بھی ٹیکس نہ دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلد ہو سکے ٹیکس کے نظام کو آٹو میشن پر لایا جائے، ٹیکس کی شرح کم کی جائے تاکہ لوگ خوشی سے خود ٹیکس دیں، سکول اور کالج جانے والے بچوں کو بتایا جائے کہ ملک میں ترقی اور بہتری ٹیکسز کی ادائیگی سے آئے گی اس کیلئے ٹیکس ادائیگی کا شعور اجاگر کرنے کے لئے اسے نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں سے کالی بھیڑوں سے چھٹکارے کیلئے آپریشن کلین اپ کیا جائے۔

مزید :

کامرس -