کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (اے پی پی) محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے بہاریہ مکئی کی دوغلی اقسام کی کاشت جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں تاہم یہ کاشت آخر فروری تک بھی مکمل کی جاسکتی ہے۔ مذکورہ کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام ایف ایچ 810، یوسف والا ہائبرڈ اور دیگر دوغلی اقسام کی کاشت سے بہتر نتائج بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔
محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہاکہ بہاریہ مکئی کی وٹوں پر کاشت کیلئے بیج کی شرح 8 سے10کلوگرام فی ایکڑ جبکہ ڈرل سے کاشت کی صورت میں بیج کی شرح 12 سے 15 کلو گرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کیلئے درمیانی ذرخیز زمین میں اڑھائی بوری ڈی اے پی، ڈیڑھ بوری پوٹاشیم سلفیٹ، آدھی بوری یوریا یا ساڑھے6 بوری سنگل سپر فاسفیٹ 18فیصد ہمراہ ڈیڑھ بوری پوٹاشیم سلفیٹ و ڈیڑھ بوری یوریا فی ایکڑ بوائی کے وقت ڈالنا اشد ضروری ہے۔