ٹڈی دل کاحملہ،چینی ماہرین کاخوشاب میں متاثرہ علاقوں کا دورہ
ملتان (سپیشل رپورٹر) پاکستان کے ہمسایہ دوست چین نے اپنی ماہرین کی ٹیم کو بھیجا ہے جو ٹڈی دل کے کنٹرول کے متعلق خصوصی طور پر ٹریننگ کے حامل ہیں۔یہ ٹیم صوبہ پنجاب میں ٹڈی دَل کے رپورٹ ہونے والے علاقہ جات کے دورہ سے قبل سندھ میں بھی متاثرہ علاقہ جات کا دورہ مکمل کر چکی ہے۔چین سے آنے والی ٹیم ڈاکٹر گو وین لی یانگ سیکنڈ سیکرٹری /فوکل پرسن(بقیہ نمبر34صفحہ12پر)
کی زیر قیادت ٹڈی دَل سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہے۔اس ٹیم میں 11ممبرز ہیں جو ٹڈی دل کے دوران ِ زندگی،ہوائی سپرے اور دوسرے کنٹرول کے طریقوں کے متعلق خصوصی تربیت کے حامل ہیں۔حکومت پاکستان کی جانب سے اس ٹیم کی معاونت ڈاکٹر سید وسیم الحسن وفاقی فوڈ سیکیورٹی کمشنر،میجر محمد نعمان الحق ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ڈئزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی،احمد حسن رانجھا ڈائریکٹر کوآرڈینیشن پنجاب ڈئزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی،حمید اللہ ملک ایڈوائزر پنجاب ڈئزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی،ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)، محمد طارق خان ڈائریکٹر فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ہمراہ دیگر اعلیٰ افسران کر رہے ہیں۔چینی ٹیم کے ضلع خوشاب میں ٹڈی دَل سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں نے ٹیم کو علاقہ کے متعلقہ حالات بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر سید وسیم الحسن وفاقی فوڈ کمشنر نے پاکستانی حکومت کی جانب سے حکومت چین کے اس خصوصی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس موقع پر چین کے عوام کرونا وائرس سے نبرد آزما ہیں مگر پھر بھی پاکستانی حکومت کی خصوصی درخواست پر چینی بھائی کسی ہراول دستے کی طرح چلے آئے ہیں اور انہوں نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔بھکر میں ٹڈی دَل کے علاقہ جات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر بھکر آصف علی فرخ نے ٹیم کا استقبال کیا اور علاقہ کے متعلق بریفنگ دی۔یہ ٹیم آج خوشاب اور بھکر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ضلع جھنگ روانہ ہوگی۔ضلع جھنگ میں ڈپٹی کمشنر جھنگ طاہر علی وٹو ٹیم کو بریف کریں گے۔بعد ازاں کل لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کرے گی۔اپنے دورہ کے اختتام پر یہ ٹیم اپنی ٹڈی دَل کے کنٹرول بارے سفارشات وفاقی وزارت نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی اسلام آباد کو ارسال کرے گی۔
دورہ