ٹی 20ورلڈ کپ،قومی ویمنز ٹیم کو مسلسل دوسری شکست،سیمی فائنل سے باہر
لاہور(ٓسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست ہوگئی۔پاکستان ویمنز ٹیم انگلینڈ کے بعد جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد سیمی فائنل سے باہر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو17 رنزسے شکست دے کرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ قومی ویمنز ٹیم 137رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 119رنز ہی بناسکی۔میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جنوبی افریقہ کی بیٹر لاوراوولوارٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گروپ بی میں شامل پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اپناآخری میچ (کل)منگل کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔اتوار کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈین نی کریک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ویمنز ٹیم کی فاسٹ بالر ڈیانا بیگ نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 17کے مجموعی اسکور پر حریف ٹیم کی دونوں اوپنرز کو پویلین واپس بھجوادیا۔ اوپنر کے جلد آوٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی ماریزانے کاپ اور لاورا وولوارٹ نے فائٹ بیک شروع کیا۔ ماریزانے کاپ 31رنز بناکر آؤٹ ہوئیں مگر لاوراوولوارٹ نے کریز کے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اوربہترین نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 36 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 53رنزبناکر ناقابل شکست رہیں۔حریف ٹیم کی کوئی اور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکی۔ ڈو پریز 17، سونے لوس 12اورکلوئے ٹائرون10 رنزبناکر آٹ ہوئیں۔ پاکستان کی ڈیانا بیگ نے 19رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انعم امین، عروب شاہ، ندا ڈاراور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض 72رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ کپتان جویریہ خان 31 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والی آلرانڈر عالیہ ریاض نے ارم جاوید کے ہمراہ 47رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی تاہم دونوں بیٹرز جارحانہ انداز اپنانے کے باوجود قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہیں۔ عالیہ ریاض32گیندوں پر 39رنز بناکر ناقابل شکست رہیں جبکہ ارم جاوید 17 رنزبناکرناٹ آؤٹ رہیں۔جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل،ڈین نی کریک اورمابا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جنوبی افریقہ کی بیٹر لاوراوولوارٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گروپ بی میں شامل پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اپناآخری میچ (کل)منگل کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔