ایشیاء کپ کا پاکستان میں انعقاد،اے سی سی کا اہم اجلاس ملتوی

ایشیاء کپ کا پاکستان میں انعقاد،اے سی سی کا اہم اجلاس ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں ایشیا کپ ہونے کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی)کا3 مارچ کو دبئی میں ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس ارکان کی اضافی سفری وجوہات کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔اجلاس اب رواں ماہ کے آخر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)بورڈ میٹنگ کے بعد منعقد ہوگا۔اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ ٹوئنٹی ٹوئنی کی میزبانی کا حتمی فیصلہ ہونا تھا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی آئی سی سی کے ایف این سی اے اجلاس کے باعث دبئی میں ہی موجود ہیں۔ اجلاس میں ایشیاکپ کی میزبانی سمیت اہم ایشوز پر مشاورت ہونی تھی۔بنگلا دیش بورڈ کے صدر نظم الحسن جو اے سی سی کے بھی صدر ہیں، ان کی تجویز پر اجلاس موخر کیا گیاہے۔ مارچ کے آخر میں آئی سی سی کی میٹنگ شیڈول ہے، اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اے سی سی کا اجلاس بھی ان ہی دنوں رکھ لیا جائے۔ اجلاس کی تاریخ آگے بڑھانے کی ایک وجہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بیرون ملک سفر سے گریز بھی ہوسکتا ہے۔دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے پہلے ہی بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے اپنا فیصلہ سنا دیا تھا۔سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پڑوسی ملک نہیں جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارچ کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں وینو کے غیر جانبدار مقام پر میچ کھیلنے کی بات کی جائے گی۔بھارت کی جانب سے ایشیا کپ یو اے ای میں ہونے کے اعلان کے بعد پی سی بی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سارو گنگولی نہیں نظم الحسن ہیں، ایشیاکپ کے میزبان کا فیصلہ اے سی سی کے اجلاس میں ہوگا۔