اپوزیشن کی ان ہاؤس تبدیلی کی خواہش پوری نہیں ہو گی،جمشید چیمہ

اپوزیشن کی ان ہاؤس تبدیلی کی خواہش پوری نہیں ہو گی،جمشید چیمہ

  



لاہور (سٹی رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ان ہاؤس تبدیلی کی خوا ہش ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی البتہ کرپشن کے بوجھ کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ حلقہ این اے 127کے دفتر میں پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ڈیڑھ سال کی کارکردگی نے اپوزیشن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور انہیں اب کچھ سمجھ نہیں آرہا۔ قومی احتساب بیورو خود مختار ادارہ ہے اور وہ اپنے وضع کئے گئے قانون کے مطابق احتساب کاعمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

موجودہ دور میں اتنا ضرور ہے کہ حکومت نے ماضی کی طرح احتساب کے اداروں پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا جس کی وجہ سے اپوزیشن نیب اور حکومت کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی ان ہاؤس تبدیلی کی خواہش ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی۔ یہ طے ہے کہ دونوں جماعتیں کرپشن کے بوجھ کے ساتھ سیاست نہیں کر سکیں گی اور دونوں جماعتوں کے اپنے اندر تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے اور آئندہ عام انتخابات تک بہت کچھ واضح ہو جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4