ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم محی الدین یاسین نے حلف اٹھا لیا

  ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم محی الدین یاسین نے حلف اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوالالمپور (آئی این پی) ملائیشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں سابق وزیرداخلہ محی الدین یاسین نے ملک کے نئے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے،محی الدین یاسین 9مارچ کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ ملائشین میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے مہاتیر محمد نے اپنی اتحادی جماعت کے سربراہ انور ابراہیم سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھااور سیاسی بحران پیدا ہونے پر عوام سے معافی بھی مانگی تھی۔ انہوں نے ملائیشیا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ملائیشین میڈیا کے ذریعے اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ مہاتیر محمد نے اپنی اتحادی جماعت سے معاملات طے پانے کے بعد ایک بار پھر وزیراعظم بننے کے لیے حامی بھر لی ہے۔تاہم اتوار کو ملائیشیا کے بادشاہ نے محی الدین یاسین کو ملک کا نیا وزیراعظم بنانے کی منظوری دی جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق محی الدین یاسین کو سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ محی الدین یاسین 9مارچ کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔دوسری جانب مہاتیر محمد نے محی الدین یاسین کے وزیراعظم بننے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا کہ میرے ساتھ دھوکا کیا گیا کیونکہ مجھے 222رکنی پارلیمنٹ کے 114ارکان کی حمایت حاصل تھی۔ کتنی عجیب بات ہے 2018کے انتخابات میں ہارے ہوئے لوگ اب حکومت بنائیں گے۔
ملائشیا وزیراعظم

مزید :

صفحہ اول -