کمرشل سٹی منصوبہ لاہور،کراچی میں بھی بنائینگے،عوام کو روزگار ملے گا:وزیر اعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں مجوزہ اربوں روپے مالیت کا بلیو ایریا منصوبے کا دورہ کیا۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ایف نائن پارک اسلام آباد کے بالمقابل مجوزہ بلیو ایریا کے مقام کا دورہ کیا۔وزیراعظم بغیرپروٹوکول منصوبے کاجائزہ لینے پہنچے،وزیراعظم نے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا،انہیں بریفنگ میں بتایاگیا کہ منصوبے کے لئے ایف 9پارک کے بالمقابل 170کنال اراضی مختص کی گئی ہے، ہائی رائزبلڈنگ پرمبنی کمرشل سٹی عالمی طرزپرتعمیرہوگا،اوورسیزپاکستانیوں کوسرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ لندن،دبئی،مانچسٹرسمیت بڑے شہروں میں روڈشوز کئے جائیں گے، وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کریگا۔اس موقع پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ ہونے والی کمرشل نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم وفاقی دارالحکومت کی بہتری، خدمات کی فراہمی اور ماحول کی بہتری کیلئے خرچ کی جائے گی۔وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ منصوبے سے ناصرف ملازمتیں ملیں گی بلکہ منصوبہ سرمایہ کاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کی توجہ بھی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ایک میگا پراجیکٹ لاہور اور کراچی میں بھی جلد شروع ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق کمرشل نیلامی سے حاصل کا کچھ حصہ کم لاگت کے مکانات خصوصاً نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے منظور شدہ کچی آبادیوں کے مکینوں کو باوقار رہائش کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔
وزیراعظم