ساؤتھ کیرولینا میں جوبائیڈن کی برتری،مجموعی طور پر برنی سنیڈ رز بدستور سرفہرست

  ساؤتھ کیرولینا میں جوبائیڈن کی برتری،مجموعی طور پر برنی سنیڈ رز بدستور ...

  



واشنگٹن(اظہرزمان،بیوروچیف) ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی ٹکٹ کا فیصلہ کرنے کیلئے امریکی ریاستوں میں پرائمری انتخابات کا سلسلہ جاری ہے جہاں ہفتے کے روز ہونے والے ساؤتھ کیرولینا کے انتخابات میں سابق نائب صدر جوبائیڈن نے برتری حاصل کرلی ہے تاہم ابھی تک چار ریاستوں کے مجموعی نتائج کے مطابق بزرگ سینیٹر برنی سنیڈرز بدستور سب سے آگے ہیں۔ جوبائیڈن کو ساؤتھ کیرولینا میں 35 مندوب حاصل ہوئے ہیں جبکہ برنی سنیڈرز کو 13 مندوب ملے ہیں۔ دوسرے امیدواروں کو کوئی مندوب نہیں مل سکا۔ قومی سطح پر اب بھی برنی سنیڈرز سرفہرست ہیں جنہیں صدارتی ٹکٹ کے حصول کیلئے بالواسطہ پرائمری انتخابات میں 58 مندوب مل چکے ہیں جبکہ جوبائیڈن 50 مندوب کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ سابق میئر بٹیجج کو 26 اور خواتین سینیٹرز وارن اور کلوبچر کو بالترتیب 8 اور 7 مندوب ملے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کا قومی کنونشن ریاست وسکونسن کے شہر ملوا کی میں 13 سے 16 جولائی تک جاری رہے گا جس میں پچاس ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی سے منتخب ہو کر آنے والے کل 3979 مندوب اکثریتی ووٹ سے پارٹی کا صدارتی امیدوار منتخب کریں گے جس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی امیدوار کو کامیابی کیلئے کم از کم 1991 مندوب کی حمایت درکار ہو گی۔ تین مارچ آئندہ منگل کو ”سپر منگل“ کہتے ہیں کیونکہ اس ایک دن میں پندرہ ریاستوں کے پرائمری انتخابات میں 1344 مندوبین چنے جائیں گے جس کے بعد واضح ہو جائیگا کہ حتمی طور پر کس امیدوار کو پارٹی ٹکٹ مل سکتا ہے۔

جوبائیڈن

مزید : صفحہ اول