میانمار فوج کی فائرنگ سے 5 روہنگیا مسلمان جاں بحق
میانمار(مانیٹرنگ ڈیسک)میانمار کی مغربی ریاست راکھائن میں فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے کم از کم 5 روہنگیا مسلمان جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ گزشتہ روز مراک یو قصبے میں 12 سالہ لڑکے سمیت 5 مسلمان جاں بحق ہوگئے۔زخمی ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 6 سے 11 تک بتائی گئی۔ جاں بحق افراد کی لاشوں پر گولیوں کے زخم تھے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہم باہر نہیں نکل سکتے، ہم کہیں نہیں جا سکتے۔ہم صرف اپنے گاؤں میں محفوظ ہیں، اگر یہ ہوتا رہا تو ہمیں لگتا ہے کہ کوئی امید نہیں ہے۔ علاقائی رکن پارلیمنٹ تون تھر سین نے کہا کہ ہفتے کو لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب راکھائن میں بدھسٹ کے حامیوں پر مشتمل جنگجوؤں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا۔ جواب میں فوجیوں نے شورش زدہ علاقے کے دو دیہاتوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی۔دوسری جانب میانمار کی فوج نے دعوی کیا کہ عسکریت پسند گروہ شہریوں کی موت کے ذمہ دار ہیں جبکہ عسکریت پسندوں کے ترجمان کھین تھو کھا نے فوجی دعوے کو مسترد کردیا۔
روہنگیا مسلمان