طالبان کیساتھ امن معاہدے سے سپر پاور امریکہ کا غرور خاک میں مل گیا:سراج الحق

  طالبان کیساتھ امن معاہدے سے سپر پاور امریکہ کا غرور خاک میں مل گیا:سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ امن معاہدے سے سپر پاور امریکہ کا نشہ آور غرور ٹوٹ گیا ہے، بھارتی فوج بھی ذلت آمیز طریقے سے کشمیر سے نکلے گی۔ افغان امن معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے مزید کہا کہ مذاکرات اور بات چیت سے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے، افغانستان کی گلیاں امریکیوں کا قبرستان بن گئے، انشا اللہ بھارتی فوج بھی سرینگر کی گلیوں میں ناکام ہوگی، مسلمانوں کی فتح کا وعدہ اللہ کا ہے۔، آج افغانوں نے کامیابی کا تاج امت مسلمہ پر رکھا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے یکم سے 20مارچ تک ملک بھر میں خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ پاکستانی عورت ملک میں مغربی کلچر نہیں، اسلام کی پاکیزہ تہذیب چاہتی ہے تاکہ ملک کو اس کی اساس اور نظریے کے مطابق اسلام کا گہوارہ بنایا جاسکے۔ نا م نہاد مہذب مغربی دنیا میں عورت کو آمدن کا ذریعہ بنالیا گیاہے۔ ملک میں خواتین کا استحصال ہورہاہے۔ بوڑھے ماں باپ کو اولڈ ہومز میں چھوڑآتے ہیں جبکہ اسلام ماں کو اتنا اعلیٰ و ارفع مقام بخشاہے کہ اسے قدموں میں جنت رکھ دی ہے۔ جماعت اسلامی عورت کے بارے میں جاہلانہ رسوم و رواج کے خاتمہ اور انہیں وراثت میں حق دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر ضلع میں بچیوں کے لیے یونیورسٹی بنے اور ان کے لیے کھیلوں کا باپردہ انتظام ہوتاکہ وہ بھی ڈاکٹراور انجینئرز بنیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں 8 مارچ، عالمی یوم خواتین کے حوالے سے منعقدہ خواتین کانفرنس اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر دردانہ صدیقی، سابق ممبر قومی اسمبلی و سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،ب کی ناظمہ ربیعہ طارق، ناظمہ لاہور زبیدہ جبیں، سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، وسیم قریشی، بیگم سراج الحق،آشفتہ ریاض فتیانہ،سسٹر گلوریا، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر، سسٹر شمیم، میرین شرف جوزف بھی شریک تھیں۔سینیٹر سراج الحق نے پریس کانفرنس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام صوبوں میں خواتین کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں قائم کی جائیں۔ دیہاتی علاقوں میں ہیلتھ سنٹرز اور ڈسپنسریاں قائم کی جائیں۔ خواتین کو شہری دفاع اور فسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جائے۔ عورت کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ جیلوں میں بے گناہ قید خواتین کی رہائی کے لیے ان کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
سرا ج الحق

مزید :

صفحہ اول -