پی پی خواتین کے حقوق کی پاسداری کا عزم رکھتی ہے،فرحت اللہ بابر

پی پی خواتین کے حقوق کی پاسداری کا عزم رکھتی ہے،فرحت اللہ بابر

  



اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کے مارچ کی حفاظت کیلئے اقدامات کرے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دے۔ ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آئین پاکستان کسی کو بھی کسی بھی تنظیم سے منسلک ہونے کی اجازت دیتا ہے اور کوئی بھی کسی کو دھمکیاں نہیں دے سکتا۔ یہ افسوسناک بات ہے کہ بہت سارے وہ لوگ جو آئین کی پاسداری کا دعویٰ کرتے ہیں وہ بھی خواتین کے پرامن مارچ کو روکنے کیلئے ان کے خلاف طاقت کے استعمال کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی خواتین کے حقوق کی پاسداری کا عزم رکھتی ہے اور ان کے اس حق کی حمایت کرتی ہے کہ وہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پرامن مارچ کریں۔ پاکستان نے خواتین کے خلاف تمام امتیازی سلوک کے خاتمہ کے عالمی معاہدہ پر دستخط کر رکھے ہیں،خواتین کی تنظیمیں اس بات کا حق رکھتی ہیں کہ وہ اپنے خلاف امتیازی سلوک کے خلاف مارچ کریں۔

فرحت للہ بابر

مزید : صفحہ آخر